1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی پرتگال کو ہرا کر یورو کپ کے سیمی فائنل میں

عاطف بلوچ20 جون 2008

باصل میں یورو فٹ بال چمپیئین شپ کے کے پہلے کواٹر فائنل میں جرمنی نے بہترین تصور کی جانے والی ٹیم پرتگال کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/ENEZ
کواٹر فائنل کے ہیرو شوائین سٹائیگرتصویر: AP

میچ کے آغاز میں پرتگال کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن پہلے ہی ہاف کے بائیسویں منٹ میں پوڈولسکی کے ایک عمدہ پاس پر شوائین سٹائیگر نے گول کر کے پرتگال کو حیرت میں ڈال دیا۔

اور اس کے چار منٹ بعد یعنی چھبیئسویں منٹ میں میروزلاف کلوزے نے ایک اور گول کر کے ، جرمنی کو دو صفر کی برتری دلا دی ۔

Euro 2008 Viertelfinale Portugal Deutschland Klose
کلوزے جرمنی کے لئے دوسرا گول کرتے ہوئےتصویر: AP

اور یوں جرمنی کھیل پر چھا گیا۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل اکتالیسویں منٹ میں پرتگال کے ہیرو رونالڈو کی ایک ری باونڈ کک پر کپتان نونو گومز نے گول کر دیا تاہم پہلے ہاف کے اختتام پر جرمنی کو ایک گول کی برتری حاصل رہی۔

دوسرے ہاف میں پرتگال کی ٹیم مسلسل حملے کرتی رہی لیکن گول کرنے میں ناکام رہی جبکہ میچ کے باسٹھویں منٹ میں جرمن کپتان مشائل بالاک نے گول کر کے جرمنی کو ایک مرتبہ پھر دو گول کی برتری دلا دی جو میچ کے ستاسیئویں منٹ تک قائم رہی۔ جب متبادل پرتگالی کھلاڑی پوستیگا نے گول کیا۔ اور یوں آخری پانچ منٹ کا کھیل مزید سنسنی خیز ہو گیا تاہم جرمنی نے ایک گول کی برتری قائم رکھی اور کامیاب رہا۔

کہا جاتا ہے کہ جرمن کپتنان جب گول کرتے ہیں تو جرمنی میچ ضرور جیتتا ہے ۔ اس ٹورنامنٹ کےگروپ میچ میں آسٹریا کے خلاف بالاک نے فیصلہ کن گول کر کے جرمنی کو کواٹر فائنل میں لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور گزشتہ شب بھی بالاک کا گول جرمنی کی کامیابی کی وجہ بنا۔ جبکہ جرمن کھلاڑی شوائین سٹائیگر جو اپنی بھر پور فارم میں نہیں تھے ، انہوں نے اس میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ہر چار سال بعد منعقد ہونے والی یورو چمپیئن شپ کے مقابلوں میں اس مرتبہ جرمنی کی ٹیم کومضبوط تصور نہیں کیا جا رہا تھا اور کواٹر فائنل میں بھی عام خیال کیا جا رہا تھا کہ پرتگال یہ میچ آسانی سے چیت لے گا۔ تاہم روائتی طور پر ، اس ٹورنامنٹ میں بھی جرمنی نے آہستہ آہستہ اپنی جگہ بنانا شروع کی اور بالخصوص اس میچ میں بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا جو وہ اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک نہیں کر سکے تھا۔

مجموعی طور پر اس میچ میں فٹ بال زیادہ پرتگال کے پاس رہا، نشانے پر ہٹیں بھی پرتگال کی زیادہ تھیں اور کورنرز بھی پرتگال کے ہی زیادہ تھے۔ لیکن پھر بھی جرمنی کی ٹیم ایک اچھے جذبے اور ٹیم ورک کے ساتھ کھیلی جبکہ دنیائے فٹ بال کے بہترین کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کوئی جادو نہیں دکھا سکے۔

Euro 2008 Viertelfinale Portugal Deutschland Enttäuschte Fans
گم سم پرتگالی شائقین فٹ بالتصویر: AP

آج ایک دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا اور ترکی کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی اور کامیاب ٹیم جرمنی کے ساتھ سیمی فائنل کھیلے گی۔ ان کواٹر فائنل مقابلوں میں ترکی اور کروشیا کی ٹیمیں قدرے کمزور سمجھی جا رہی ہیں اور اس طرح جرمنی کے فائنل میں جانے کے امکانات روشن ہیں۔