1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں ایک مسلم کنڈرگارٹن بند کرنے کا حکم

27 مارچ 2019

جرمن ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں قائم ’النور‘ اکلوتے مسلم کنڈر گارٹن کو بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس ڈے کیئر سینٹر میں نامناسب مواد تقسیم کیے جانے پر کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3FjvJ
Muslimische Kita Al-Nur
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Zschunke

جرمنی کی ایک مغربی ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں قائم اکلوتا مسلم کنڈرگارٹن عدالت میں اپنی اپیل ہار گیا ہے اور انتظامی عدالت نے ریاستی حکام کے ان تحفظات کو درست قرار دے دیا ہے کہ یہ کنڈرگارٹن ایک اسلامی نظریے کے ساتھ منسلک ہے۔

مائنز شہر کی انتظامی عدالت کے مطابق ریاستی حکام کی طرف سے النور کنڈرگارٹن کا لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے کیونکہ جو شواہد پیش کیے گئے ہیں ان کے مطابق اس اسکول کی انتظامیہ اور سلفی شدت پسند نظریے کے درمیان تعلق موجود ہے۔

Deutschland - Muslimische Kita in Mainz - Vorsitzende des Mainzer Moscheevereins Arab Nil, Samy El Hagrasy
عرب نیل رائن کے چیئرمین سامی الحجری نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم اب اعلیٰ انتظامی عدالت میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔تصویر: picture-alliance/dpa/P. Zschunke

عدالت کے مطابق اس نظریے کے باعث کنڈرگارٹن کے بچوں کے لیے یہ مشکل پیدا ہو رہی ہے کہ وہ جرمن معاشرے میں ضم ہو سکیں اور ساتھ ہی ان کی سوچ کی آزادی پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔ عدالت کے مطابق اس کنڈرگارٹن کا انتظام چلانے والی ایسوسی ایشن ’عرب نیل رائن‘ کی طرف سے سلفیوں سے لا تعلقی کے حوالے سے کوششیں ’اطمینان بخش‘ نہیں ہیں۔

’ہم آئین کا احترام کرتے ہیں‘

عرب نیل رائن کے چیئرمین سامی الحجری نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم اب اعلیٰ انتظامی عدالت میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔

رواں برس فروری میں ریاستی انتظامیہ کی طرف سے لائسنس کی منسوخی کے بعد الحجری نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا کہ ان کی ایسوسی ایشن سلفی ازم کی ترویج کر رہا ہے۔ اس وقت ان کا کہنا تھا، ’’ہم آئین کو تسلیم اور اس کا احترام کرتے ہیں۔‘‘

لیکن ایسی معلومات سامنے آنے کے بعد ریاستی حکام کے النور کے بارے میں تحفظات بڑھ گئے تھے کہ غیر مناسب مواد کنڈرگارٹن میں تقسیم کیا گیا ہے اور عرب نیل رائن انتہائی قدامت پسند سلفی تحریک کی ایک شخصیت کے ساتھ مل کر چکی ہے۔

مائنز کی انتظامی عدالت نے اس کنڈرگارٹن کو بند کرنے کی تاریخ 31 مارچ سے 30 اپریل تک بڑھا دی ہے تاکہ وہاں تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے بچوں کے والدین کو دیگر کنڈرگارٹن میں جگہ حاصل کرنے کے لیے مناسب وقت مل سکے۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ا (الیکسانڈر پیئرسن)