1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں انتخابات میں عدم دلچسپی میں اضافہ

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی، ادارت: عدنان اسحاق 26 ستمبر 2009

جرمنی ميں اپنا ووٹ استعمال نہ کرنے والے شہريوں کی تعداد ميں اضافہ ہورہا ہے۔ اس کی مختلف وجوہات ہيں۔مثلاً يہ کہا جاتا ہے کہ کوئی بھی پارٹی ايسی نظر نہيں آتی جو صحيح معنوں ميں حکومت کرنے کے لئے موزوں ہو يا پھر ووٹ دينے کے۔

https://p.dw.com/p/Jkdk
تصویر: dpa

جرمنی ميں پچھلے عشروں کے دوران انتخابات ميں ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد ميں نماياں کمی ہوئی ہے۔ کيا اس کی وجہ عدم دلچسپی ہے يا احتجاج اور يا پھربے زاری؟ اس کی مختلف وجوہات ہيں۔ مثلاً يہ کہا جاتا ہے کہ کوئی بھی پارٹی ايسی نظر نہيں آتی جو صحيح معنوں ميں حکومت کرنے کے لئے موزوں ہو يا يہ کہ ووٹ دينے سے بھی حالات تبديل نہيں ہوں گے۔ ايسے خيلات رکھنے والے شہری سياسی زندگی ميں کوئی حصہ نہيں لينا چاہتے۔

BdT Deutschland Wahlen CDU Flaggen
سی ڈی یو نے اپنی انتخابی مہم کا نعرہ ہے کہ ’ہم میں حکومت کرنے کی صلاحبت اور طاقت ہے‘تصویر: AP

جرمنی میں رائے عامہ کے جائزے اور تحقيق کے ايک معروف ادارے انفرا ٹيسٹ ڈيميپ کے ایک انتخاباتی محقق رچرڈ ہلمرکہتے ہيں" بعض لوگ انتخابات ميں کبھی بھی ووٹ نہيں ديتے۔ ليکن انہيں استثناء کہا جا سکتا ہے۔ ووٹ نہ دينے والے مخصوص شہری وہ ہيں، جوکئی باتوں کو پيش نظر رکھتے ہوئے ہر بار نئے سرے سے ووٹ ڈالنے يا نہ ڈالنےکا فيصلہ کرتے ہيں۔ ووٹ نہ ڈالنے والوں کے تيسرے گروپ ميں وہ افرد شامل ہيں جو کسی بيماری يا مصروفيت کی وجہ سے ووٹ دينے نہيں جا پاتے ہيں۔"

کبھی بھی ووٹ نہ ڈالنے والوں يا کسی رکاوٹ کی وجہ سے ووٹ نہ دے سکنے والوں کے مقابلے ميں وہ لوگ انتخابات کے لحاظ سے بہت اہم ہيں جو حالات کو ديکھ کر ووٹ دينے يا نہ دينے کا فيصلہ کرتے ہيں۔ ٹھوس موضوعات يا پرکشش شخصيت والے سياستدان ايسے لوگوں کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ کرسکتے ہيں۔ تاہم ايک سوال يہ بھی ہے کہ جرمنی ميں قومی اسمبلی کے انتخابات کے مقابلے ميں صوبائی اسمبليوں کے انتخابات ميں ووٹ ڈالنے والوں کی شرح کيوں کم ہے؟

اس کا جواب دیتے ہوئے انتخاباتی محقق رچرڈ ہلمر نے کہا " يہ حقيقت ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران صوبائی انتخابات کی اہميت کا احساس بہت کم ہوگيا ہے۔ شہريوں میں يہ خيال بڑھتا جارہا ہے کہ بے روزگاری يا اقتصادی ترقی جيسے مرکزی نوعيت کے مسائل کو صوبائی سطح پر نہيں بلکہ مرکزی يا وفاقی سطح ہی پر حل کيا جا سکتا ہے۔"

Deutschland Wahlen in Bayern Plakat in München
ایک انتخابی پوسٹر ، جس پر درج ہے الیکشنتصویر: AP

صوبائی انتخابات ميں ووٹ دينے والوں کی شرح ميں کمی کا رجحان جرمنی کے کسی ايک وفاقی صوبے تک محدود نہيں ہے بلکہ يہ ملک بھر ميں پايا جاتا ہے۔ ہلمر کا کہنا ہے کہ اگر کسی صوبے ميں يہ بالکل غير واضح ہو کہ کون سی جماعت يا جماعتيں مل کر کومت بنائيں گی یا حکومت ميں تبديلی ممکن ہو اور ہر ووٹ پر اس کا انحصار ہو تو پھر شہريوں کی دلچسپی بڑھ جاتی ہے اور ان کے ووٹ دينے کے امکان ميں بھی اضافہ ہوجاتاہے۔ سياست کو تشکيل دينے اور کسی تبديلی کو ممکن بنانے کا احساس ووٹروں کی تعداد ميں اضافے کی وجہ بن سکتا ہے۔

تاہم يہ بات بھی فیصلہ کن ہوتی ہے کہ کيا انتخاباتی پروگراموں ميں مسائل کے واقعی متبادل حل پيش کئے جارہے ہيں ؟ مثالی جمہوری ملک امريکہ کے انتخابات ميں ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد عموماً کم اور صرف پچاس فيصد کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ ليکن صدر بش کی سياست کی عام مخالفت اور اوباما کی پرکشش شخصيت اور انٹرنيٹ پر ان کی زبردست انتخاباتی مہم کے نتيجے ميں پچھلے امريکی صدارتی انتخابات ميں ووٹ دينے والوں کا تناسب چھياسٹھ فيصد سے بھی زائد رہا جو گذشتہ سو سال ميں سب سے زيادہ تھا۔