1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائم

جرمنی: حاملہ خاتون پر چاقو سے حملہ، پیٹ میں موجود بچہ ہلاک

14 جنوری 2019

ہسپتال میں داخل 25 سالہ حاملہ خاتون کو کئی بار چاقو سے نشانہ بنایا گیا۔ حملہ آور سیاسی پناہ کا متلاشی ایک افغان شخص ہے جو اس خاتون سے ملنے ہسپتال پہنچا تھا اور اس دوران دونوں کا شدید جھگڑا ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/3BUzA
Schwangere Frau hält Ihren Bauch
تصویر: Imago/PhotoAlto/F. Cirou

جرمن شہر مائنز کے قریب واقع باڈ کروئزناخ نامی شہر میں ایک حاملہ خاتون اور ایک مرد کے درمیان بحث و مباحثہ اس حد تک بڑھا کہ مرد نے اس خاتون پر چاقو سے حملہ کر دیا جس کی وجہ سے خاتون کا نامولود بچہ ہلاک ہو گیا۔ یہ  واقعہ جمعہ 11 جنوری کو ایک ہسپتال میں پیش آیا جہاں 25 سالہ پولش خاتون داخل تھی۔

پولیس کے مطابق حملہ آور ایک 25 سالہ افغان شخص ہے جس نے جرمنی میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دے رکھی ہے اور یہ ہسپتال میں مذکورہ خاتون سے ملنے کے لیے پہنچا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان بحث و مباحثے کے بعد اس شخص نے خاتون پر چاقو سے مسلسل حملے کیے۔

انتہائی شدید زخموں کا شکار ہونے والی اس خاتون کی فوری طور پر سرجری کی گئی جس کے بعد یہ خاتون تو بچ گئی مگر اس کے پیٹ میں موجود بچہ ان زخموں سے ہلاک ہو گیا۔ خاتون کی حالت اب مستحکم ہے۔

حملہ آور اس واقعے کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا تاہم بعد میں اس نے ایک ٹرین اسٹیشن پر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ باڈ کروئز ناخ کے دفتر استغاثہ نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے مائن شہر کی جرائم کی تفتیش کرنے والی پولیس کی مدد حاصل کر لی ہے۔ ابھی تک اس جرم کا محرک معلوم نہیں ہے۔

اس حملہ آور کو ہفتہ 12 جنوری کو ایک جج کے سامنے پیش کیا گیا جس نے اسے حراست میں ہی رکھنے کا حکم جاری کیا۔ اس شخص پر قتل کی کوشش، شدید حملے اور غیر قانونی طور پر حمل ضائع کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ا ب ا / ع ح (ڈی پی اے، اے ایف پی)