1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

برلن میں فائرنگ، متعدد افراد زخمی

26 دسمبر 2020

جرمن دارالحکومت برلن میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے اور برلن پولیس علاقے میں ان کی تلاش اور تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

https://p.dw.com/p/3nELi
برلن میں فائرنگ
اس علاقے میں ناکہ بندی کے بعد مسلح پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں کی تلاش پر مامُور کر دیا گیا ہے۔ تصویر: Paul Zinken/dpa/picture alliance

برلن پولیس کے مطابق آج بروز ہفتہ چھبیس دسمبر کی صبح برلن کے مغربی علاقے کروئزبرگ میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ اس واقعے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے، جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم فائر بریگیڈ عملے نے مزید تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ زخمیوں میں سے تین افراد قریبی سڑک کے پاس ملے جب کہ چوتھے زخمی کو علاقے کی ایک نہر سے باہر نکالا گیا۔ اس شخص کو بظاہر ٹانگ میں چوٹ آئی ہے۔ پولیس نے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

برلن میں فائرنگ
برلن میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تصویر: Paul Zinken/dpa/picture alliance

حملہ آوروں کی تلاش

پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فوراﹰ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس علاقے میں ناکہ بندی کے بعد مسلح پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں کی تلاش پر مامُور کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: جرمنی میں پاکستانیوں کی مسجد کے نائب امام کا قتل

اطلاعات کے مطابق پولیس کا ایک ہیلی کاپٹر کروئزبرگ علاقے میں گشت کرتا ہوا دیکھا گیا، اور  پولیس  نے قریبی سب وے اسٹیشن مؤکن بُروکے کے آس پاس بھی تلاشی لی تھی۔

پولیس کی تفتیش جاری

یہ واقعہ برلن کی  ایک سڑک 'شٹریس مان شٹراسے‘  پر واقع جرمن سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی دفتر کے قریب پیش آیا ہے۔ برلن پولیس نے فی الحال اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی کہ اس پرتشدد واقعے میں کون ملوث ہے یا پھر گولیاں کس نے چلائیں۔  برلن پولیس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے پس پردہ سیاسی پہلو کا فی الحال کوئی اشارہ نہیں ملا ہے لیکن صورتحال اب بھی غیر واضح ہے۔

یہ بھی پڑھیے: جرمنی: دہشت گردانہ حملوں کے خلاف مسلمانوں کی پرامن ریلی

 یہ امر اہم ہے کہ برلن میں مختلف جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان تنازعات کے نتیجے میں اکثر پرتشدد واقعات دیکھنے میں آتے ہیں۔ حال ہی میں  کروئزبرگ میں ہی ایک 29 سالہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد تقریباﹰ 10 افراد نے ایک گراؤنڈ فلور فلیٹ اور ایک کار پر حملہ بھی کیا تھا۔

ع آ / ع ح (ڈی پی اے، اے ایف پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں