1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن لائبریری میں مطالعے کے دوران بہتر توجہ کے لیے سائیکلنگ

15 جنوری 2019

ایک جرمن یونیورسٹی نے یہ منصوبہ شروع کیا ہے کہ اس کی لائبریری میں کتابوں کے مطالعے کے ساتھ سائیکلنگ بھی کی جا سکے گی۔ اس منفرد منصوبے کا مقصد طلبہ کی دوران مطالعہ یوں مدد کرنا ہے کہ وہ زیادہ ذہنی توجہ کا مظاہرہ کر سکیں۔

https://p.dw.com/p/3Bagz
برلن کی فری یونیورسٹی کی لائبریریتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن دارالحکومت سے منگل پندرہ جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ اختراعی منصوبہ برلن کی فری یونیورسٹی کی ’فیلالوجی لائبریری‘ نے شروع کیا ہے، جہاں اگلے چار ہفتوں تک اس کتب خانے کے ارکان یعنی طلبا و طالبات اور عام قارئین کو یہ سہولت میسر ہو گی کہ وہ کسی بھی کتاب کا مطالعہ کرتے ہوئے ساتھ ساتھ سائیکلنگ بھی کر سکیں۔

اس منصوبے کی محرک اور یونیورسٹی لائبریری کی خاتون کارکن یانیٹ واگنر نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’یہ سائیکلیں ایسی ’اَیرگومیٹرک‘ سائیکلیں ہیں، جنہیں چلاتے ہوئے قارئین اپنی ذہنی توجہ بھی بہتر بنا سکیں گے اور ساتھ ساتھ ان سائیکلوں سے پیدا ہونے والی بجلی کی مدد سے اپنے لیپ ٹاپ کمپیوٹرز اور موبائل فون بھی چارج کر سکیں گے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’کئی طبی اور سائنسی مطالعے یہ ثابت کر چکے ہیں کہ اگر کوئی بھی کام کرتے ہوئے ساتھ ساتھ ہلکی جسمانی نقل و حرکت بھی کی جائے، تو یوں ذہنی طور پر کسی بھی عمل پر توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بڑھائی جا سکتی ہے۔‘‘ اس تجرباتی منصوبے کے پیچھے بھی یہی طبی سائنسی سوچ کارفرما ہے۔

دوران تعلیم نقل و حرکت کی افادیت

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یانیٹ واگنر نے جب کتب خانوں کے انتظامی امور سے متعلق اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کی، تو ان کا تحقیقی موضوع بھی یہی تھا: ’’نقل و حرکت مطالعے اور حصول تعلیم میں مدد دیتی ہے۔‘‘ اس سلسلے میں بہت سے طلبا و طالبات سے یہ جاننے کی کوشش بھی کی گئی تھی کہ وہ اس یونیورسٹی لائبریری میں دوران مطالعہ کس طرح کی بہت ہلکی جسمانی ورزش کرنا پسند کریں گے۔

نتیجہ یہ نکلا کہ ایسی خاص طرح کی سائیکلیں استعمال کی جائیں، جو قارئین کو کتب بینی کے عمل میں زیادہ ذہنی توجہ کا موقع بھی مہیا کر سکیں اور ساتھ ہی لیپ ٹاپ کمپیوٹرز اور موبائل فونز کو ری چارج کرنے کے لیے بجلی بھی پیدا کر سکیں۔

ایک سائیکل ساڑھے تین ہزار یورو کی

اس تجربے میں استعمال ہونے والی ’اَیرگومیٹرک‘ سائیکلوں میں سے ہر ایک کی قیمت قریب ساڑھے تین ہزار یورو ہے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو پھر یہ لائبریری باقاعدہ طور پر ایسی سائیکلیں خرید لے گی۔ فی الحال یہ سائیکلیں مستعار لی گئی ہیں۔

تجرباتی مرحلے کی کامیابی کی صورت میں یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جرمنی کی کئی دیگر یونیورسٹیوں میں بھی ایسی ہی سائیکلیں متعارف کرا دی جائیں۔ یہ سائیکلیں بیلجیم کی ایک کمپنی بناتی ہے اور وہ پہلے ہی سے بیلجیم اور جرمنی کے کئی ہوائی اڈوں پر بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔

تعلیم اور مطالعے کے دوران سائیکلنگ کا تصور اب جرمنی کے شمالی شہر بریمن میں بھی زیر استعمال ہے۔ شمالی جرمن شہری ریاست بریمن میں کھیلوں کی تعلیم سے متعلق ایک خصوصی اسکول کے طلبہ وہاں اپنی کلاسوں میں دوران تعلیم پہلے ہی ایسی سائیکلیں چلاتے ہیں۔

م م / ع س / ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں