1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال ٹیم کے نئے کپتان: فلپ لہم

28 مئی 2010

معروف فٹ بالر مشائل بالاک کے زخمی ہونے کے بعد اگلے ماہ سے جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والے فٹ ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم کی قیادت دفاعی کھلاڑی فلپ لہم کریں گے۔ شوائن سٹائگر نائب کپتان ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/Nbzd
فلپ لہمتصویر: AP

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ ژوآخم لوو نے اُن اندازوں اور تبصروں کو ختم کردیا ہے کہ جرمن فٹ بال ٹیم کی قیادت کس کو سونپی جائے۔ لوو نے دفاعی کھلاڑی فلپ لہم کو مشائیل بالاک کی جگہ جرمن ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ مڈ فیلڈ میں کھلینے والے باسیتان شوائن سٹائگر کو نائب کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ قومی کوچ کے خیال میں مشائل بالاک کی کھیل کے دوران ذمہ داری کو شوائن سٹائگر احسن طور پر نبھانے کی قابلیت رکھتے ہیں اور اس مناسبت سے ورلڈ کپ میں ان کو ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ مشائل بالاک دو ہفتے قبل  انگلش کلب چیلسی کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنا ٹخنا زخمی کروا بیٹھے تھے۔ کپتانی کے امیدواروں میں کچھ کا خیال تھا کہ فارورڈ کھلاڑی میرو سلاو کلوزے بھی ہو سکتے ہیں۔

Fußball Euro 2008 Finale Deutschland Spanien Bastian Schweinsteiger
جرمن فٹ بال ٹیم کے نائب کپتان باسیتان شوائن سٹائیگرتصویر: AP

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے نئے کپتان مشہور فٹ بال کلب بائرن میونخ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ وہ گیارہ نومبر 1983 میں میونخ، باویریا میں پیدا ہوئے تھے۔ 26 سالہ لہم نے فٹ بال کا بین الاقوامی کیرئر اپنے ملک کے لئے سن 2004 میں شروع کیا تھا۔ اب تک وہ کل 64 بین الاقوامی میچوں میں جرمنی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ جرمنی کی اکیس سال سے کم عمر ٹیم کے رکن کے طور پر تین میچوں میں بھی شرکت کی تھی۔ لہم نے دو سال تک جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں شٹٹ گارٹ کے کلب کی طرف سے بھی کھلیتے رہے ہیں۔ وہ دنیا کے بہترین دفاعی کھلاڑیوں میں شمار کئے جاتے ہیں جو بغیر فاؤل کی کوشش کے  مخالف ٹیم کے فارورڈ کھلاڑیوں کے حملے کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Deutschland Fußball Manuel Neuer Training
ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کے نسےگول کیپر:مانویل نوئرتصویر: AP

کپتانی اعلان کے وقت قومی کوچ ژوآخم لوو نے جرمن فٹ بال ٹیم کے لئے گول کیپر کے انتخاب میں مانویل نوئر کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوئر کا تعلق ایک اور مشہور جرمن  فٹ بال کلب شالکے سے ہے۔ موجودہ گول کیپر رینے اڈلر کو بھی ہڈی میں فریکچر کی وجہ سے کھیل سے کنارہ کش ہونا پڑا ہے۔ گول کیپری کے لئے دوسری چوائس میں انہوں نے ٹم وائس کو منتخب کیا ہے۔

جرمنی کی فٹ بال ٹیم  ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں ہے اور اس گروپ میں اُس کا مقابلہ آسٹریلیا، گھانا اور سیربیا کی ٹیموں سے ہو گا۔ ورلڈ کپ کی شروعات جون کی گیارہ تاریخ سے ہوں گی۔ جرمن ٹیم اپنا پہلا میچ تیرہ جون کو آسٹریلوی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  سائرہ حسن

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں