1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن صدر کا اولین سرکاری دورہ امریکا

18 جون 2018

جرمن صدر پیر سے امریکا کا تین روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں۔ اس دوران وہ ریاست کیلیفورنیا میں واقع جرمن ادیب تھوماس من کے گھر کو یادگاری مرکز بنانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تاہم امریکی صدر سے ان کی ملاقات نہیں گی۔

https://p.dw.com/p/2zmWc
Kultur, Bundespraesident Steinmeier laedt zum Kulturabend fuer Heinrich Boell in der Villa Hammerschmidt
تصویر: picture alliance/CITYPRESS 24

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے جرمن حکومت کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر اپنے تین روزہ دورہ امریکا کے دوران نوبل انعام یافتہ مشہور جرمن ادیب تھوماس من کے گھر کو یادگار بنانے کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔

جرمن حکومت نے سن 2016 میں اس گھر کو خرید لیا تھا تاکہ اس کو پہنچنے والے نقصان کو روکا جا سکے۔ اب اس کی بحالی کے بعد اس گھر کو میموریل کا درجہ دے کر جرمن اسکالرز کے لیے قیام گاہ بھی بنا دیا گیا ہے۔

USA, Los Angeles: Exil-Villa von Thomas Mann
یہی وہ گھر ہے جہاں من نے ‘جوزف اینڈ ہیز برادرز‘، ’ڈاکٹر فاؤسٹس‘ اور دی ہولی سِنر‘ جیسے شاہکار تحریر کیےتصویر: picture-alliance/dpa/rebuild.ing

لاس اینجلس کے قریب واقع تھوماس مَن ہاؤس کی افتتاحی تقریب منگل کی شام منعقد کی جائے گی، جس کے بعد فرانک والٹر شٹائن مائر اس تقریب کے شرکا سے خطاب بھی کریں گے۔ تھوماس مَن جرمن نازی دور حکومت کے دوران سن 1942 میں امریکا منتقل ہو گئے تھے اور انہوں نے دس برس کا عرصہ اسی گھر میں گزارا تھا۔

یہی وہ گھر ہے جہاں تھوماس من نے ‘جوزف اینڈ ہیز برادرز‘، ’ڈاکٹر فاؤسٹس‘ اور دی ہولی سِنر‘ جیسے شاہکار تحریر کیے۔ تھوماس من کو سن 1929 میں ادب کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔ نازی دور حکومت کے کڑے ناقد تھوماس من کو نہ صرف جرمنی بلکہ دنیا بھر میں مزاحمت کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

جرمن صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اشٹائن مائر امریکا کا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ شٹائن مائر امریکا میں قیام کے دوران اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات نہیں کریں گے۔ شٹائن مائر کے ساتھ تھوماس من کے پوتے فریڈو من بھی امریکا کا دورہ کر رہے ہیں۔ فریڈو من نے بھی اپنے بچپن کا کچھ وقت اس گھر میں بسر کیا تھا۔

جرمن صدر شٹائن مائر امریکا میں قیام کے دوران سلیکون ویلی کے متعدد کاروباری حضرات کے علاوہ کیلیفونیا کے گورنر جیری براؤن سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس بھی شٹائن مائر سے ایک ملاقات کریں گی۔ شٹائن مائر نے اپنے اس دورے کو امریکا اور یورپ کے مابین تجارتی امور اور دیگر شعبہ جات میں باہمی تعلقات کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں