1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہر ٹریئر میں کار ہجوم پر چڑھا دینے سے دو افراد ہلاک

1 دسمبر 2020

جرمنی کے مغربی شہر ٹریئر میں ایک شخص کے اپنی کار راہگیروں کے ایک ہجوم پر چڑھا دینے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق پیدل چلنے والے دس سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3m4l2
Deutschland Trier | Auto erfasst Fußgänger in Fußgängerzone
تصویر: Harald Tittel/dpa/picture alliance

پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج منگل یکم  دسمبر کی سہ پہر جرمنی کے مغربی صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے تاریخی شہر ٹریئر میں پیش آیا۔ ہزاروں سال پرانا ٹریئر کا شہر عظیم مفکر کارل مارکس کا پیدائشی شہر ہونے کی وجہ سے بھی عالمی شہرت کا حامل ہے اور جرمنی کا قدیم ترین شہر بھی ہے۔

شہر کی پولیس نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ایک شخص نے اپنی کار ایک ایسے علاقے میں راہگیروں کے ایک ہجوم پر چڑھا دی، جو صرف پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص تھا۔اس واقعے میں کئی لوگ ہو گئے، جن میں سے بعد ازاں کم از کم دو کی موت کی تصدیق بھی کر دی گئی۔

جرمن شہر ٹریئر
جرمنی کے قدیم ترین شہر ٹریئر میں سلطنت روما کے دور کا بنا ہوا شہر کا وہ قدیمی دروازہ جو پورٹا نیگرا کہلاتا ہےتصویر: picture alliance/dpa/U. Bernhart

ٹریئر پولیس کے مطابق گاڑی قبضے میں لے کر ڈرائیور کر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فوری طور پر اس واقعے کی وجہ یا ڈرائیور کے بارے میں کوئی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں۔ تاہم پولیس نے عام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ شہر کے متعلقہ علاقے کا رخ کرنے سے گریز کریں۔

جرمن نشریاتی ادارے ایس ڈبلیو آر نے ٹریئر کے میئر وولفرام لائبے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور دس دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ یہ واقعہ ٹریئر کے قدیمی اندرون شہر میں پیش آیا، جہاں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔

م م / ا ا (ڈی پی اے، اے ایف پی، اے پی)