1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ریاست باویریا میں پولنگ، میرکل کی مقبولیت کا امتحان

14 اکتوبر 2018

جرمنی کی جنوب مشرقی ریاست باویریا میں آج ریاستی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ اس ریاست میں چانسلر انگیلا میرکل کی اتحادی جماعت سی ایس یو طویل عرصے سے حکمران ہے۔ تاہم اس مرتبہ اس کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/36Vt5
Landtagswahl in Bayern Horst Seehofer 15.09.2013
تصویر: Getty Images

جرمنی کی جنوب مشرقی ریاست باویریا میں آج اتوار 14 اکتوبر کو ہونے والے ریاستی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے نو ملین یعنی 95 لاکھ کے قریب ہے۔ ان انتخابات کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی عوامی مقبولیت کے لیے ایک امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ باویریا میں چانسلر میرکل کی حلیف سیاسی جماعت سی ایس یو حکمران ہے۔ گزشتہ 56 برسوں کے دوران محض پانچ برس ایسے تھے جب یہ جماعت حکومت سے باہر رہی۔

تاہم تازہ عوامی جائزوں کے مطابق سی ایس یو کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی۔ رواں ہفتے جاری کیے جانے والے جائزوں کے مطابق آج اتوار کے روز ہونے والے انتخابات میں سی ایس یو کو 33 سے 34 فیصد تک ووٹ ملیں گے۔ ان انتخابی جائزوں کے مطابق سی ایس یو کی قریب ترین حریف ماحول دوست جماعت گرین پارٹی رہے گی جسے 18 فیصد ووٹ ملنے کی توقع ہے۔

سی ایس یو کے سربراہ ہورسٹ زی ہوفر چانسلر میرکل کی اتحادی حکومت میں وزیر داخلہ ہیں۔ مہاجرت کے معاملے پر ان کے سخت نکتہ نظر کے باعث رواں برس کے آغاز میں سی ایس یو اور میرکل کی سیاسی جماعت سی ڈی یو کے درمیان اتحاد ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔ اسی باعث ان انتخابات کو زی ہوفر کے قومی سیاست کے کردار کے بارے میں ایک ریفرنڈم کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

Bundestagswahl 2005: Schatten von Edmund Stoiber, CSU
باویریا کے انتخابات کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی عوامی مقبولیت کے لیے ایک امتحان قرار دیا جا رہا ہےتصویر: AP

چانسلر انگیلا میرکل نے رواں ہفتے پوچھے گئے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا تھا کہ آیا باویریا کے پارلیمانی انتخابات کے نتائج ان کی حکومت کو غیر مستحکم کر سکتے ہی‍ں۔ میرکل کا اس کے جواب میں کہنا تھا کہ ان کا قدامت پسند سیاسی اتحاد ’مشکل وقت‘ کا شکار ہے اور انہیں امید ہے کہ سی ایس یو کے حق میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

سی ایس یو کی انتخابی مقبولیت میں کمی ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب دائیں بازو کی مہاجرین اور اسلام مخالف جماعت آلٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ AFD کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رواں ہفتے جاری ہونے والے انتخابی جائزوں کے نتائج کے مطابق یہ جماعت 10 سے 14 فیصد تک ووٹ حاصل کر سکتی ہے۔

سی ایس یو کو کم ووٹ ملنے کے نتیجے میں امکان یہی ہے کہ اسے باویریا ریاست میں حکومت بنانے کے لیے ایک اتحادی جماعت کی ضرورت ہو گی۔ باویریا کے زیادہ تر ووٹرز سی ایس یو اور گرین پارٹی کے اتحاد کے حق میں ہیں تاہم باویریا کے حکومتی سربراہ مارکوس سوئیڈر اس امکان کو رد کر چکے ہیں۔

باویریا کی ریاستی اسمبلی کے لیے ووٹنگ کا عمل شام چھ بجے تک جاری رہے گا جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

ا ب ا / ع ح (ڈی پی اے)