1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان نے ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

30 جنوری 2011

دوحہ میں منعقدہ ایشیا کپ مقابلوں میں فٹ بال کے فائنل میں جاپان نے آسٹریلیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جاپانی ٹیم اس ایونٹ کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم بھی بن گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/107IJ
تصویر: AP

دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ مقررہ وقت کے اختتام تک برابر رہا اور کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پائی، جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا۔

کھیل کے 109ویں منٹ میں جاپان کی طرف سے متبادل کھلاڑی Tadanari Lee نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کر کے جاپان کو اس ٹائٹل کا حقدار بنا دیا۔

اس سے قبل جاپان سن 1992ء، سن 2000ء اور سن 2004ء میں ایشیا کپ جیت چکا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی جاپان سن 2013ء میں برازیل میں ہونے والے کنفیڈریشن کپ میں شرکت کا اہل بھی ہوگیا ہے۔کنفیڈریشن کپ کو ورلڈ کپ مقابلوں کا وارم اپ کپ بھی کہا جاتا ہے۔

Asian Cup 2011 Finale Australien Japan
لی نے ایک شاندار گول کے ذریعے جاپان کی فتح کا یقینی بنایاتصویر: AP

فائنل میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی تھا، جب صاف دکھائی دے رہا تھا کہ جیسے میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہی ہو پائے گا تاہم لی نے اس سے قبل ہی اپنا جادو چلا دیا اور پینلٹی ککس کی نوبت ہی نہ آئی۔

میچ کے بعد اپنے ایک بیان میں لی نے کہا کہ انہیں ہمیشہ سے پتہ تھا کہ ایک روز وہ ہیرو بن جائیں گے۔ 25 سالہ لی نے اب تک جاپان کے لئے صرف دو مرتبہ بین الاقوامی میچز میں شرکت کی ہے جبکہ اب تک وہ کوئی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے تاہم انہوں نے ایک حیرت انگیز گول کر کے اپنے ناقدین کے منہ بند کر دیے۔

’’مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ میں ایک عرصے سے نہیں کھیل پا رہا تھا اور مجھے ہمیشہ انتظار کرنا پڑتا تھا تاہم مجھے یقین تھا کہ ایک روز مجھے موقع ضرور ملے گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران، جب وہ بینچ پر بیٹھے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے، توایک طرف تو ان کی خواہش تھی کہ انہیں میدان میں اتار جائے جبکہ دوسری جانب وہ خود سے کہہ رہے تھے کہ وہ ایک ہیرو بنیں گے۔

’’میں خود سے باتین کرنے میں مصروف تھا۔ میں خود سے کہہ رہا تھا کہ میں ایک ہیرو ہوں۔ اس کے بعد مجھے میدان میں اتار دیا گیا۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں