1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ثانیہ مرزا اپنے بچن کے دوست سے منسوب

رپورٹ:ندیم گل، ادارت:مقبول ملک12 جولائی 2009

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اپنے بچن کے دوست سہراب مرزا سے منسوب ہو گئی ہیں۔ ان کی منگنی کی تقریب حیدرآباد کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں دونوں خاندانوں کے ارکان کے علاوہ قریبی رشتہ دار اور دوست احباب ہی شریک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/Iln8
ثانیہ اپنے منگیتر سہراب مرزا کے ساتھتصویر: AP

22 سالہ ثانیہ کا نام پاکستانی ٹینس کھلاڑی ایصام الحق قریشی، بالی وڈ سٹار تشار کپور اور تیلگو فلموں کے سپر سٹار نودیپ سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔ تاہم ان کی منگی کے ساتھ ہی اس بارے میں بہت سی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔ ساتھ ہی ایسے متعدد نوجوانوں کے دل بھی ٹوٹ گئے جو ثانیہ کے دیوانے تھے۔ ان میں سے دو نے تو اتنی ہمت دکھائی کہ منگی سے قبل ثانیہ کے گھر بھی جا پہنچے اور یہ تقریب رکوانے کا مطالبہ کرنے لگے تاہم انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

Tennisspielerin Sania Mirza
عالمی نمبر 85 ثانیہ مرزا ٹینس کا کوئی گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون کھلاڑی ہیں۔تصویر: AP

ایسے ہی واقعات کی وجہ سے ثانیہ مرزا کی رہائش گاہ اور ہوٹل پر سخت سیکیورٹی تعینات تھی اور ذرائع ابلاغ کو ان کی منگنی کی تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ حیدرآباد کے ہوٹل تاج کرشنا کے باہر صحافیوں کی ایک پوری فوج جمع تھی جو ثانیہ اور سہراب کے درمیان انگوٹھیوں کے تبادلے کے لمحے کو اپنے کیمروں میں قید کرلینا چاہتی تھی۔ وہ سنہرے اور سبز لباس میں سجی ثانیہ کی تصاویر اتارنے کے بھی خواہش مند تھے لیکن مرزا خاندان کے ارکان نے انہیں یہ کہہ کر منع کر دیا کہ یہ ان کی ایک نجی اور خاندانی تقریب ہے۔ اس موقع پر پریس فوٹوگرافروں کو یقین دلایا گیا کہ انہیں اس تقریب کی تصاویر بعد ازاں فراہم کر دی جائیں گی۔

ثانیہ مرزا کی منگنی کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی تعداد 300 تک بتائی جاتی ہے جن میں ٹینس کے کھلاڑی مہیش بھوپاتھی، فلم سٹار چرن جیوی اور بعض سیاستدان بھی شامل تھے۔

23 سالہ سہراب مرزا برطانیہ میں MBA کی تعلیم حاصل کرنے جا رہے ہیں جبکہ ان کے والد حیدرآباد کے ایک بزنس مین ہیں۔ ان کے آباؤ اجداد ایران سے ہجرت کر کے آئے تھے جنہوں نے بعد ازاں حیدر آباد کے آنند نگر علاقے میں رہائش اختیار کر لی تھی۔

ثانیہ کے والد عمران مرزا کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی منگی کے بعد بھی ٹینس کھیلنا جاری رکھے گی اور ثانیہ کی شادی ابھی چند سال بعد ہوگی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق US Open میں شرکت کے لئے ثانیہ مرزا عنقریب ہی امریکہ روانہ ہونے والی ہیں۔