1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا تنازعہ خونریزی میں بدل گیا

22 اپریل 2011

مشرقی ایشیائی ریاستوں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا سرحدی تنازعہ خونریز شکل اختیار کرگیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ایک فوجی جھڑپ میں چھ کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

https://p.dw.com/p/112e5
تصویر: AP

بتایا جارہا ہے کہ رواں سال فروری میں فائر بندی کے معاہدے کے بعد یہ پہلا مسلح تصادم ہے۔ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کا سرحدی تنازعہ نو سو سال قدیم پریاح ویہار مندر کی ملکیت سے متعلق ہے۔ اقوام متحدہ میں بین الاقوامی ثقافتی ورثے سے متعلق ادارے یونیسکو نے اس مندر کو عالمی ورثہ قرار رکھا ہے جبکہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے 1962ء میں اس علاقے کی ملکیت کا فیصلہ کمبوڈیا کے حق میں سنایا تھا۔ تھائی لینڈ کے قوم پرست حلقے جب ہی سے مشتعل ہیں اور 4.6 کلومیٹر کی اس اراضی کا تنازعہ قائم ہے۔

حالیہ تصادم میں دونوں اطراف کے تین تین فوجیوں کی ہلاکت اور 19 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دونوں ملکوں نے سرحدی دیہاتوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ چونکہ اس سرحدی علاقے میں گھنے جنگلات ہیں اس لیے یہ پتہ نہیں چل پارہا کہ فائرنگ میں پہل کس نے اور کیوں کی۔

Jimmy Won Flash-Galerie
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان واقع سرحدی علاقہتصویر: Jimmy Won

تھائی فوج کے لیفٹینٹ جنرل تھاوا چائی ساموت ساکون کا کہنا ہے، ’’ کمبوڈیا نے ہماری عارضی فوجی بیس پر توپ خانے سے حملہ کیا تھا۔‘‘ تھائی حکام کے مطابق مخالف فوج نے اپنی سابقہ پوزیشن میں تبدیلی کرتے ہوئے سرحد کے قریب نئی چوکی بنانے کی کوشش کی تھی، جو امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب کمبوڈین وزارت دفاع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کی جانب سے ان کے چار دیہاتوں پر توپ خانے سے شیلنگ کی گئی تھی، جس کا جواب دیا گیا ہے۔ فروری میں طے پانے والے امن معاہدے میں یہ بھی طے کیا گیا تھا کہ انڈونیشیا کے غیر مسلح فوجی مبصرین کو سرحد پر تعینات کیا جائے گا تاہم اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امتیاز احمد