1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تمام مسلم اقوام فلسطین کے ساتھ کھڑی ہو جائیں، ترکی

18 مئی 2018

ترکی نے مسلمان اقوام سے کہا ہے کہ وہ فلسطینوں کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہو جائیں اور دیگر ممالک کو تل ابیب میں قائم اپنے سفارت خانے امریکی پیروی میں یروشلم منتقل ہونے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

https://p.dw.com/p/2xxMV
ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولوتصویر: Reuters/A.H. Yaman

استنبول میں مسلمان ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے کہا کہ امریکا کے ’’غیر قانونی‘‘ فیصلے سے اسرائیل کی ہمت افزائی ہوئی کہ وہ ’’معصوم فلسطینیوں کا وحشیانہ قتل کرے‘‘۔

ترکی اس وقت 57 اسلامی ممالک کی تنظیم ’’آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن‘‘ (OIC) کا صدر ملک ہے۔ ترکی نے رواں ہفتے اسرائیل کی طرف سے غزہ سرحد پر 60 فلسطینیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیے جانے کے بعد اس تنظیم کا ایک ایمرجنسی اجلاس بلایا تھا۔

اسلامی تعاون کی اس تنظیم کے وزرائے خارجہ کے استنبول میں جاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چاؤش اولو کا کہنا تھا، ’’ہمیں دیگر ممالک کو امریکی مثال کی پیروی کرنے سے روکنا ہو گا‘‘۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ترک وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کی طرف سے سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا اور ’’متفقہ طور پر آواز بلند کی جائے گی کہ ہم مقدس شہر کی تاریخی حیثیت میں رد و بدل کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘

Gaza Israel Konflikt Jerusalem US Botschaft
ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے کہا کہ امریکا کے ’’غیر قانونی‘‘ فیصلے سے اسرائیل کی ہمت افزائی ہوئی کہ وہ ’’معصوم فلسطینیوں کا وحشیانہ قتل کرے‘‘۔تصویر: Reuters/I. Abu Mustafa

امید کی جا رہی ہے کہ آج جمعہ کی شب او آئی سی کے سربراہی اجلاس سے ترک صدر رجب طیب ایردوآن، اردن کے شاہ عبداللہ ثانی اور فلسطینی وزیر اعظم رامی حمداللہ خطاب کریں گے۔ ایرانی صدر حسن روحانی بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ا ب ا / ع ق (ایسوسی ایٹڈ)