1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک حکمران جماعت کے خلاف مقدمہ زیرِ سماعت

ہما صدف 1 جولائی 2008

ترکی کی اعلٰی عدالت نے حکمران جماعت پر پانبدی عائد کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت کا آغاز کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/EURb
ترکی کی آئینی عدالت کے چئیرمین میڈیا کو حکمران جماعت کے خلاف مقدمے کی سماعت کے فیصلے سے آگاہ کر رہے ہیں۔تصویر: AP

ترکی کے حکومتی استغاثہ نے حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کے خلاف ترکی کو ایک اسلامی ملک بنانے کی کوشش کے الزام کے تحت دلائل دئیے۔

حکومتی استغاثہ نے انقرہ میں آئینی عدالت کے ججوں کے سامنے نوّے منٹ تک زبانی دلائل میں کہا کہ جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی پر سیکیولر نظریات کے خلاف سرگرمیوں کی بناء پر پابندی عائد کی جانی چاہیئے۔ ترک خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق استغاثہ کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت کی جانب سے ترکی میں شرعی قوانین نافذ کرنے کا خطرہ ہے۔

حکمران جماعت کے خلاف اس مقدمے کی سماعت کو ذرائع ابلاغ سے دور رکھا گیا تھا۔

Demonstration gegen Aufhegung des Kopftuchverbots Türkei
رواں برس فروری میں سیکیولر ترک گروپس نے انقرہ میں اسلام مخالف مظاہرہ کیا۔تصویر: picture-alliance/ dpa

استغاثہ نے اس جماعت کے اکہتّر ارکان پر پانچ برس تک کسی بھی سیاسی جماعت کی رکنیّت حاصل کرنے پر پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان اکہتّر ارکان میں ترکی کے موجودہ صدر عبداللّہ گُل اوروزیرِاعظم رجب طیّب ایردوان بھی شامل ہیں۔

استغاثہ نے کہا کہ یونیورسٹیوں اوردیگر تعلیمی اداروں میں خواتین کو سکارف استعمال کرنے اور سرڈھانپنے کی اجازت دینے سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ملک میں اسلامی طرز کے قوانین نافذ کرنا چاہتی ہے۔

مبصرین کے مطابق جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی پہلے ہی ایک نئی جماعت قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ حکمران جماعت پر پابندی کی صورت میں اردوان کی نئی جماعت کے تازہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے واضح امکانات ہیں۔

Türkei Verfassungsgericht in Ankara Verbotsantrag gegen Erdogan Partei AKP
ترک وزیرِاعظم رجب طیّب ایردوانتصویر: AP

اردوان نے اپنی جماعت پر عائد کئے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ گزشتہ شب قومی ٹیلی ویژن پر خطاب کے دوران وزیرِاعظم رجب طیّب ایردوان نے کہا کہ ان کی جماعت صرف قومی مفاد میں کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران جماعت ترکی کی ترقی میں کوئی روکاوٹ نہیں بنے گی۔ حکمران جماعت کے وکلاء عدالت میں اپنے دلائل جمعرات کے روز پیش کرنے والے ہیں۔

دریں اثناء آج مقدمے کی سماعت سے قبل ترک پولیس نے قوم پرست تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چند افراد کو موجودہ حکومت کے خلاف سازش کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ تاہم ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں عوام کی توجّہ مقدمے سے ہٹانے کے لئے عمل میں لائی گئی ھیں۔