1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیکہم کی سات سال بعد مانچیسٹر واپسی

9 مارچ 2010

سحر انگیز شخصیت کے مالک برطانوی سٹار فٹبالر ڈیوڈ بیکہم بدھ کو سات سال بعد پہلی مرتبہ اپنے آبائی شہر میں اپنی سابق ٹیم مانچیسٹریونائیٹڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

https://p.dw.com/p/MONU
تصویر: AP

اے سی میلان اور یونائیٹڈ کے اس مقابلے سے متعلق بیکہم کا کہنا ہے کہ وہ زندگی میں پہلی بار یونائیٹڈ کو ہارتا ہوا دیکھنا چاہیں گے۔ بیکہم 2003ء میں یونائیٹڈ چھوڑ کر ریال میڈرڈ کا حصہ بن گئے تھے۔ بدھ کے اہم مقابلے کے لئے اے سی میلان نے خصوصی طور پر امریکی فٹبال کلب لاس اینجلس گیلیکسی سے بیکہم کی خدمات حاصل کی جس سے وہ ان دنوں وابستہ ہیں۔

بیکہم کے مطابق بدھ کے میچ کے لئے وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لئے بچپن کی محبت کو اپنے اوپر حاوی ہونے نہیں دیں گے۔ چونیتیس سالہ بیکھم اپنے آبائی علاقے مانچیسٹرکی اس ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں جس 1992ء میں نوجوانوں کا ایف اے کپ جیتا تھا۔ بیکہم کے بقول وہ بہت خوش ہیں کہ اپنے پرانے ساتھیوں اور مداحوں سے طویل عرصے بعد ملیں گے۔

David Beckham Flash-Galerie
بیکہم اشتہارات کی دنیا کے بھی جانے مانے ہوئے کھلاڑی ہیںتصویر: AP

انگلش ٹیم کے سابق کپتان کے مطابق وہ اس میچ میں دو صفر کے فرق سے جیت کر میلان کی چمپیئنز لیگ میں کوارٹر فائنل تک پہنچنے کی راہ ہموا کرنے کی کوشش کریں گے۔ 1992ء میں یونائیٹڈ کے ساتھ طے شدہ معاہدے سے پیشہ ورانہ فٹبال کا آغاز کرنے والے بیکہم 2000ء سے 2006ء تک انگلش ٹیم کے کپتان رہے۔

2004ء میں وہ دنیا کے مہنگے ترین فٹبالر اور اس سے ایک سال قبل انٹرنیٹ سرچ میں سب سے زیادہ کھوجی جانے والی شخصیت رہے۔ بیکہم ان دنوں اپنی بیوی سابقہ برطانوی گلوگارہ وکٹوریا اور تین بیٹوں کے ہمراہ کیلی فورنیا میں مقیم ہیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : کشور مصطفیٰ