1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کشمیر کی سڑکوں پر فوج تعینات

18 ستمبر 2010

بھارت کے زیر انتظام خطے جموں و کشمیر میں امن و امان قائم کرنے کے لئے سڑکوں پر فوجی تعینات کر دیے ہیں۔ اِسی دوران نئے پُر تشدد مظاہروں میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید تین افراد مارے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PFJY
تصویر: UNI

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنے ایک رپورٹر کے حوالے سے بتایا ہے کہ مرکزی شہر سری نگر کی اُس اہم شاہراہ پر فوجی دیکھے گئے ہیں، جو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات والے ایئر پورٹ کی جانب جاتی ہے۔ مقامی باشندوں نے بتایا ہے کہ بڈگام کے وسطی حصے اور بارہ مولا کے دیہات میں بھی فوجی دیکھے گئے ہیں۔

Mirwaiz Umar Farooq
علٰیحدگی پسند رہنما میر واعظ عمر فاروقتصویر: UNI

فوج کو اِس سے پہلے آخری مرتبہ جولائی میں پولیس ا ور نیم فوجی دستوں کی مدد کے لئے متحرک کیا گیا تھا۔ تازہ ترین اقدام علٰیحدگی پسندوں کی زبردست ناراضگی کا باعث بن رہا ہے کیونکہ وہ ایسی کسی بھی کارروائی کی مخالفت کرتے ہیں، جو ہمالیہ کے اِس متنازعہ خطے پر قبضے کے احساس کو اور مستحکم کرتی ہو۔ اے ایف پی ہی سے باتیں کرتے ہوئے اہم علٰیحدگی پسند رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا، ’مزاحمتی تحریک کو دبانے اور کچلنے کے لئے اور اپنی آواز بلند کرنے کی ہمت کرنے والے لوگوں کو ہراساں کرنے کے لئے تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔’

نئی دہلی حکومت کا تازہ اقدام اُس نئی حکمتِ عملی کا حصہ تصور کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پولیس، نیم فوجی دستے اور مسلح افواج مل کر امن و امان قائم کریں گی۔ جون میں پُر تشدد ہنگامے شروع ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 97 افراد مارے جا چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جمعہ سترہ ستمبر کو کم از کم تین افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے، جب سکیورٹی فورسز نے چھ مختلف مقامات پر اُن مظاہرین پر فائرنگ کی، جو کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دستوں پر پتھراؤ کر رہے تھے اور سرکاری عمارتوں اور گاڑیوں کو آگ لگا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین کے پتھراؤ کے نتیجے میں کم از کم 20 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔

پاکستان نے بھارت پر مظاہرین کے خلاف ’بے رحمانہ‘ طاقت استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی اقدامات کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’پاکستان بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال اور بے رحمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘

Indien Srinagar Ausgangssperre
کشمیر کے بہت سے حصوں میں گزشتہ اتوار سے کرفیو نافذ ہےتصویر: UNI

اُنہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں بڑے پیمانے پر اور منصوبہ بندی کے ساتھ حقوقِ انسانی کی پامالی کا مرتکب ہو رہا ہے اور یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے ہلاکتوں، گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کو ’ناقابلِ قبول‘ قرار دیا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے بہت سے حصوں میں گزشتہ اتوار سے کرفیو نافذ چلا آ رہا ہے۔ مقامی باشندے شکایت کر رہے ہیں کہ کشمیری عوام کو ’اجتماعی سزا‘ دی جا رہی ہے اور کئی روز سے اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ جانے کی وجہ سے لوگوں کو خوراک اور ادویات کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سری نگر میں ہزارہا شہریوں نے ’ہماری قوم، اِس کے مستقبل کا فیصلہ ہم کریں گے‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ممتاز علٰیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک کے کزن کے لئے ہونے والی دعائیہ تقاریب میں شرکت کی، جو گزشتہ ماہ ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جمعرات کو چل بسا تھا۔

رپورٹ: امجد علی (خبر رساں ادارے)

ادارت: ندیم گِل