1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بھارتی کرکٹ ٹیم کامیابیاں سمیٹتے ہوئے‘

11 دسمبر 2010

ورلڈ کپ 2011ء کی فیورٹ بھارتی کرکٹ ٹیم نے کامیابیاں سمیٹنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو پانچویں ایک روزہ میچ میں بھی ہرا کر وائٹ واش کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/QVkh
تصویر: AP

چنئی کے میدان پر کھیلے گئے میچ میں بھارتی آف سپنر ی چندرن اشوین کا جادو سر چڑھ کر بولا۔ انہوں نے محض 24 رنز دے کر نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا اور جیت کی راہ ہموار کی۔

نیوزی لینڈ کے قائد ڈینیئل ویٹوری نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کی پوری ٹیم 27 اوورز کے اندر 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویٹوری کی خواہش تھی کہ خشک پچ پر کھیل کے ابتدائی لمحات میں زیادہ سے زیادہ رنز بٹورے جائیں تاکہ بعد میں گیند بازوں کو ملنے والی معاونت کا فائدہ اٹھایا جاسکے۔ تاہم صورتحال اس کی الٹ ثابت ہوئی۔

کیوی بیٹسمین نہ تیز گیند بازوں کے سامنے ٹک سکے اور نہ سپن باؤلنگ سے رنز بٹور پائے۔ یوسف پٹھان، یوراج سنگھ اور اشیش نہرا کے حصے میں بھی دو دو وکٹیں آئیں۔

103 رنز کا معمولی ہدف سر کرنے میں بھارتی ٹیم نے محض 22 اوورز صرف کئے۔ اگرچہ ابتدائی بلے باز گوتم گھمبیر اور ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے والے ورات کوھلی جلد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم پرتھیو پاٹیل اور یوراج سنگھ نے صورتحال کو مزید بگڑنے نہ دیا۔ دونوں نے بالترتیب 56 اور 42 رنز بنائے۔

Pakistan Land und Leute Imran Khan
تصویر: Abdul Sabooh

یوراج کو پانچویں ایک روزہ میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سلامی بلے باز گوتھم گھمبیر سیریز کے بہترین کھلاڑی رہے، جنہوں پانچ میچوں میں سے دو میں سینچریاں سکور کیں۔ سینئرز کی عدم موجودگی کے باوجود بھارتی ٹیم کی اتنی اچھی کارکردگی نے ناقدین کو متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔

سابق پاکستانی کرکٹر عمران خان سمیت بہت سے تجربہ کار کھلاڑی ورلڈ کپ 2011ء کے لئے بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ نئی دہلی میں ایک انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں کپتان شاہد خان آفریدی ایسا کھلاڑی ہے کہ اگر فارم میں رہے تو اکیلے میچ جتواسکتا ہے تاہم محمد آصف اور محمد عامر کی شدید کمی محسوس کی جائے گی۔

عمران خان کے بقول بھارت کو ہوم کراوڈ اور گراونڈ کا فائدہ رہے گا اور ورلڈ کپ سے قبل جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا بھی ان کے حق میں مفید ثابت ہوگا۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی تازہ درجہ بندی کے مطابق ٹیسٹ میں بھارت پہلے اور ایک روزہ کھیل میں آسٹریلیا کے بعد دوسرے درجے پر ہے۔

رپورٹ :شادی خان سیف

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں