1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی شخص سے امریکی شہریت چھین لی گئی

افسر اعوان اے ایف پی
9 جنوری 2018

امریکی شہریت حاصل کرنے والے ایک بھارتی شخص سے اس کی امریکی شہریت واپس لے لی گئی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے دغا بازی کے ذریعے امریکی شہریت حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں شدت لائے جانے کے بعد یہ ایسا پہلا شکار ہے۔

https://p.dw.com/p/2qaoy
تصویر: picture-alliance/ZumaPress

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر کارٹریٹ سے تعلق رکھنے والا 43 سالہ بلجندر سنگھ ایک امریکی خاتون سے شادی کے بعد 2006ء میں امریکی شہری بنا تاہم وہ 1991ء میں امریکا پہنچا تھا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق یہ شخص سفری یا شناختی دستاویزات کے بغیر سان فرانسسکو پہنچا اور اپنی شناخت دوندر سنگھ کے نام سے درج کرائی۔

جنوری 1992ء میں ایک عدالت کی طرف سے اسے ملک بدر کرنے کا حکم جاری کیا گیا تاہم وہ اس کارروائی سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا اور ایک ماہ بعد ہی اس نے بلجندر سنگھ کے نام سے سیاسی پناہ حاصل کرنے کی درخواست جمع کرا دی تھی۔

اب ایک امریکی عدالت نے اس کی امریکی شہریت منسوخ کرتے ہوئے اسے امریکا میں رہائش کا قانونی اجازت نامہ جاری کر دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اب اسے ملک سے بے دخل کیے جانے سے متعلق کارروائی کا آغاز ہو سکے گا۔

امریکا کے شہریت اور تارکین وطن سے متعلق سروسز کے ڈائریکٹر فرانسس سیسنا کے مطابق، ’’امید ہے کہ اس مقدمے اور اس کے بعد آنے والے مقدمات سے ایک واضح پیغام جائے گا کہ غلط طریقے سے حاصل شدہ امریکی شہریت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ’آپریشن جینس‘ کے تحت امریکی شہریت واپس لیے جانے کا پہلا واقعہ ہے۔ یہ آپریشن امریکی داخلی سلامتی کے محکمے کی طرف سے کافی عرصہ قبل شروع کیا گیا تھا۔ گزشتہ برس ستمبر میں اس آپریشن کے دوران 315,000 کیسز کا کھوج لگایا گیا جن میں امریکی شہریت حاصل کرنے والوں کی انگلیوں کے نشانات موجود نہیں تھے۔ جس کے بعد یہ خدشات سامنے آئے کہ ان میں سے بعض نے امریکی شہریت حاصل کرنے کے عمل کے دوران اپنا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چھپانے کے لیے ایسا کیا ہوگا۔

USA Präsident Donald Trump in Washington
ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے دغا بازی کے ذریعے امریکی شہریت حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں شدت لائی گئی ہےتصویر: Getty Images/AFP/J. Watson