1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی سیکرٹری خارجہ نِروپماراؤ کا دورہ پاکستان

23 جون 2010

بھارتی سیکرٹری خارجہ نِروپما راﺅ کی پاکستان آمد کا مقصد اپنے ہم منصب سلمان بشیر کے ساتھ مل کر پاک بھارت وزرائے خارجہ کی 15 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والی مجوزہ ملاقات کا ایجنڈا طے کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/O15N
تصویر: Ap

دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر ہونے والی یہ بات چیت دراصل پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے درمیان اسی برس اپریل میں ہونے والی ملاقات کا تسلسل ہے۔ دونوں سربراہان حکومت کی یہ ملاقات بھوٹان میں سارک سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔

Pakistans Aussenminister Shah Mahmood Qureshi
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔تصویر: AP

پاکستانی دفتر خارجہ نے امید کا اظہار کیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ کی سطح پر ہونے والی یہ ملاقات پاک بھارت جامع مذاکرات کی بحالی کا راستہ ہموار کرے گی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط کے مطابق پاکستان بھارت کے ساتھ دہشتگردی کے خاتمے سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات چیت کرے گا، ” اس ملاقات میں بھارت بعض دوسرے معاملات پر بھی بات چیت کرنا چاہتا ہے جس کے لئے ہم مثبت سوچ رکھتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام تصفیہ طلب مسائل جن میں جموں و کشمیر ، سیاچن، پانی کا معاملہ ، سر کریک ، انسانی حقوق اور اس کے ساتھ ساتھ تجارتی معاملات پر جامع بات چیت ہونی چاہئے۔“

اس سے قبل پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خطاب کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کےلئے وہ اسلام آباد میں سارک وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کےلئے آنے والے بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم کے علاوہ بھارتی سیکرٹری خارجہ نِروپما راﺅ سے بھی ملاقات کریں گے۔

دریں اثناء پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت مختلف الزامات میں پاکستانی جیلوں میں قید 17 بھارتی قیدیوں کو رہا کر دیا۔ یہ قیدی بدھ کے روز واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہوئے۔

رپورٹ : شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں