1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے زیرانتظام کمشیر میں دھماکا، پانچ شہری ہلاک

22 اکتوبر 2018

بھارت کے زیرانتظام کمشیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کے ایک مقام پر ہونے والے دھماکے میں پانچ عام شہری مارے گئے جب کہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/36vaD
Indien Proteste in Kaschmir
تصویر: Shuaib Bashir

بھارتی پولیس کے مطابق لارو کے علاقے میں اس مقام پر بہت بڑی تعداد میں عام شہری مظاہرہ کر رہے تھے، جہاں سکیورٹی فورسز اور مشتبہ عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع کلگام میں اس مظاہرے کے مقام پر ہونے والے دھماکے میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اسی مقام پر اس سے قبل سکیورٹی فورسز اور مشتبہ عسکریت پسندوں کے درمیان ایک جھڑپ میں تین مشتبہ جنگجو مارے گئے تھے جب کہ دو بھارتی فوجی زخمی ہوئے تھے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پر تشدد واقعات، 14 افراد ہلاک

کشمیری طلبہ کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی چھوڑنے کی دھمکی

جموں کشمیر پولیس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جھڑپ ختم ہونے کے بعد مظاہرین کی بڑی تعداد اس جگہ پہنچ گئی تھی، حالاں کہ ان سے مسلسل کہا جاتا رہا تھا کہ وہ اس علاقے کی جانب جانے سے گریز کریں۔ پولیس کے مطابق اس جھڑپ کے بعد سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر گولہ بارود کی تلاش میں مصروف تھیں۔

عینی شاہدین کے مطابق نوجوان مظاہرین کو اس علاقے میں پہنچنے سے روکنے کے لیے پولیس نے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے علاوہ پیلٹ گنوں کا استعمال بھی کیا۔

کلگام کے ضلعی ہسپتال کے ذرائع کے مطابق 32 افراد کو زخمی حالت میں اس ہسپتال لایا گیا جب کہ چار زخمیوں کو خصوصی علاج کے لیے سری نگر کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا گیا۔ دوسری جانب ضلع اننت ناگ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عبدالمجید محراب نے بتایا کہ گیارہ زخمیوں کو اننت ناگ کے ہسپتال میں بھی منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے تین کو سری نگر روانہ کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق زیادہ تر زخمی جھلس گئے یا پیلٹ گنوں کا شکار ہوئے۔

اسی کی دہائی سے بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں علیحدگی پسندی کی  مسلح تحریک میں اب تک قریب 45 ہزار عام شہری، سکیورٹی اہلکار اور مسلح عسکریت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔

ع ت، م م (روئٹرز، اے ایف پی)