1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست

11 اگست 2010

نیوزی لینڈ نے سری لنکا میں جاری سہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے ہی میچ میں بھارت کے خلاف 200 رنز سے فتح حاصل کرکے پانچ قیمتی پوائنٹس حاصل کئے۔ کپتان راس ٹیلر مین آف دی میچ قرار پائے۔

https://p.dw.com/p/Oi1E
نیوزی لینڈ آل راوٴنڈر جیکب اورمتصویر: AP

سری لنکا کے دمبولا انٹرنیشنل سٹیڈیم میں منگل کے روز تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک غیر تسلی بخش آغاز کے باوجود 288 رنز سکور کئے۔

Ashish Nehra
آشیش نہرا نے 47 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

ایک موقع پر نیوزی لینڈ کا سکور محض 28 رنز تھا اور اس کے تین کھلاڑی آوٴٹ ہو چکے تھے لیکن پھر کپتان راس ٹیلر اور آل راؤنڈر سکاٹ سٹائرش نے انتہائی سمجھ بوجھ سے اننگز کو سہارا دیا۔ ٹیلر اور سٹائرش نے چوتھے وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 190 رنز جوڑے۔ سٹائرش 89 اور ٹیلر 95 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے آشیش نہرا سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ نہرا نے 9.5 اوورز میں 47 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ میڈیم پیسر پروین کُمار نے 43 رنز دے کر نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

Cricket Test Series zwischen Indien und Neuseeland 2
نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینئل ویٹوری اس سیریز میں نہیں کھیل رہے ہیںتصویر: AP

بھارتی ٹیم 289 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی۔ پہلے وکٹ کی شراکت میں وریندر سہواگ اور دنیش کارتھک نے 39 رنز بنائے لیکن اس کے بعد وکٹیں تاش کے پتوں کی طرح تیزی سے گرتی گئیں۔ 53 کے مجموعی سکور پر بھارت کے پانچ اہم بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے، جن میں کپتان مہیندر سنگھ دھونی بھی شامل تھے۔ بھارتی ٹیم کا مڈل آرڈر نیوزی لینڈ کی گیندبازی کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا۔ روہت شرما چار، یوراج سنگھ پانچ اور سُریش رینا چھ رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ بھارتی ٹیم 88 کے معمولی سکور پر سمٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے فاسٹ بولر ڈیرل ٹَفی نے تین جبکہ کائل ملز اور اینڈی میکے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سیریز کے لئے نیوزی لینڈ کے دو اہم ون ڈے کھلاڑیوں، کپتان ڈینئل ویٹوری اور وکٹ کیپر برینڈن میکولم، کو آرام دیا گیا ہے۔ اس لئے موجودہ سیریز میں راس ٹیلر کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

سہ فریقی سیریز کا اگلا میچ میزبان سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیرہ اگست کو دمبولا کے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ بھارتی ٹیم اپنا دوسرا میچ سولہ اگست کو کھیلے گی۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں