1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں مندر حادثے میں درجنوں افراد ہلاک

جاوید اختر، نئی دہلی
31 مارچ 2023

وسطی بھارت کے شہر اندور میں جمعرات کو ہندو تہوار رام نومی کے دوران ایک مندر کی چھت منہدم ہو جانے سے کم از کم 35 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ بچاو کا کام اب بھی جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/4PX5G
Indien, Indore | Tempelboden eingestürzt
تصویر: AFP/Getty Images

وسطی صوبے مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بالیشور مہادیو مندر میں بڑی تعداد میں عقیدت مند جمع تھے۔ جمعرات کے روز رام نومی کا تہوار تھا جس کی وجہ سے مندر میں معمول سے کہیں زیادہ بھیڑ تھی۔

ذرائع کے مطابق مندر کی چھت اتنے زیادہ لوگو ں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکی اور منہدم ہوگئی جس کی وجہ سے درجنوں افراد چھت کے نیچے واقع باولی میں گر گئے۔

اندور کے کلکٹر الیاراجہ ٹی نے میڈیا کو بتایا، "ہم نے 18افراد کو بچا لیا ہے، 35 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور 16زخمی ہیں۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی علاج کے بعد دو افرا د اپنے گھر لوٹ گئے ہیں۔ لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کا کام جاری ہے۔

الیا راجہ کا کہنا تھا، "جمعرات کو تقریباً ساڑھے بارہ بجے بچاو کا کام شروع ہوا تھا، 18گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی یہ کام  جاری ہے۔"

کشمیر: ویشنودیوی مندر میں بھگدڑ میں 12افراد ہلاک

نیشنل ڈیزاسٹرریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس(ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں بچاو کے کاموں میں مصرو ف ہیں۔

 وزیر اعظم مودی کا اظہار افسوس

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا، "اندور کے حادثے سے مجھے انتہائی تکلیف ہوئی ہے۔ میں نے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان سے بات کی ہے اور تازہ ترین صورت حال کی جانکاری لی۔ ریاستی حکومت بچاو اور راحت کا کام تیزی سے کررہی ہے۔ میری دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔"

وزیر اعظم نے ہلاک ہونے والوں کے قریبی رشتہ داروں کے لیے قومی راحت فنڈ سے فی کس دولاکھ روپے بطور امداد دینے کا اعلان کیا۔

اتر پردیش کے ایک مندر میں بھگدڑ سے 63 افراد ہلاک

وزیر اعظم کے دفتر نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں سے ہر ایک کو پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے۔

ریاستی وزیر اعلیٰ نے بھی ہلاک ہونے والوں کے قریبی رشتہ داروں کی فی کس پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس ہزا رروپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

 مقامی افراد نے بلدیہ کے حکام سے اپنی شکایت میں الزام لگایا تھا کہ یہ مندر ایک پارک پر غیر قانونی قبضہ کرکے وہاں موجود باولی کے اوپر بنایا گیا ہے
مقامی افراد نے بلدیہ کے حکام سے اپنی شکایت میں الزام لگایا تھا کہ یہ مندر ایک پارک پر غیر قانونی قبضہ کرکے وہاں موجود باولی کے اوپر بنایا گیا ہےتصویر: Xinhua/picture alliance

مقامی لوگوں کی شکایت

بالیشور مہادیو کا مندر اندور کے پرانے رہائشی کالونیوں میں سے ایک سنیہ نگر میں واقع ہے۔ اس کا نظم ایک پرائیوٹ ٹرسٹ کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ مندر تقریباً چار دہائی قبل ایک باولی کو ڈھک کر بنایا گیا تھا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اندور میونسپل کارپوریشن نے ان کی شکایتوں پر کارروائی کی ہوتی تو اس حادثے سے بچا جاسکتا تھا۔

جھارکنڈ میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک

بھارتی میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مقامی افراد نے بلدیہ کے حکام سے اپنی شکایت میں الزام لگایا تھا کہ یہ مندر ایک پارک پر غیر قانونی قبضہ کرکے وہاں موجود باولی کے اوپر بنایا گیا ہے۔ میونسپلٹی حکام نے باولی کے اوپر تعمیر کی گئی چھت کو منہدم کرنے کے لیے نشان زد بھی کیا تھا لیکن ٹرسٹ نے دھمکی دی کہ ایسا کرنے سے ہندووں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے۔

ممبئی: عمارت گرنے سے متعدد ہلاک اور زخمی

باولی کی چھت پر رام نومی کی پوجا ہورہی تھی لیکن کنکریٹ کے سلیب وہاں موجود درجنوں لوگوں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکے اور اس کے ٹوٹ جانے سے لوگ تقریباً 40 فٹ گہری باولی میں گر گئے۔

 جاوید اختر(نیوز ایجنسیوں کے ساتھ)