1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں بس حادثہ، بچوں سمیت 30 ہلاک

24 نومبر 2018

بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک بس کے نہر میں گر جانے کے نتیجے میں کم از کم تیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ حادثہ ہفتے کی صبح پیش آیا۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/38rV2
Indien - Busunglück
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sr

جرمن خبر رساں ادارے ’ڈی پی اے‘ نے کرناٹک پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک پرائیویٹ کمپنی کی یہ بس نہر کے پُل سے پھسل کر نہر میں جا گری۔ حکام کے مطابق غوطہ خوروں نے 30 مسافروں کی لاشیں نہر سے نکال لی ہیں۔ جبکہ نہر میں گِر جانے والی اس بس کو بھی نکال لیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ڈرائیور سمیت دو افراد نہر سے تیر کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ حادثہ ضلع مندیا میں پیش آیا جو ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور سے قریب 130 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ اس حادثے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں اور اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ بھارت کے این ڈی ٹی وی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ متاثرہ بس کا ڈرائیور تیز رفتاری کا مظاہرہ کر رہا تھا اور ممکنہ طور پر وہ بس پر کنٹرول برقرار نہ رکھ سکا۔

عینی شاہدین کے حوالے سے این ڈی ٹی وی نے یہ بھی بتایا کہ نہر میں گرنے والی بس کا دروازہ نہر کی زمین کی جانب تھا جس وجہ سے مسافر اس بس سے نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

Indien - Busunglück in Nurpur
بھارت کی ٹرانسپورٹ منسٹری کے اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں ہر سال اوسطاﹰ 135,000 افراد ٹریفک حادثوں کی نذر ہو جاتے ہیں۔ تصویر: Getty Images/AFP

ڈی پی اے کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات بھارت میں ہوتے ہیں۔ بھارت کی ٹرانسپورٹ منسٹری کے اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں ہر سال اوسطاﹰ 135,000 افراد ٹریفک حادثوں کی نذر ہو جاتے ہیں۔ ان حادثات کی بڑی وجوہات میں غیر محفوظ ڈرائیونگ، سڑکوں کی خراب صورتحال اور پرانی اور غیر محفوظ گاڑیوں کی سڑکوں پر موجودگی ہے۔ اس کے علاوہ ضرورت سے زائد سواریاں بھی ایسے حادثات کی وجہ بنتی ہیں۔

ا ب ا / ع آ (ڈی پی اے)