1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں ایک مذہبی میلے کے آغاز پر 27 زائرین کی ہلاکت

کشور مصطفیٰ14 جولائی 2015

جنوبی بھارت میں منگل 14 جولائی کو ایک مذہبی تہوار کا آغاز کم از کم 27 زائرین کی المناک ہلاکت سے ہوا ہے۔ ’مقدس دریا‘ کے کنارے بھگدڑ کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/1FyEs
تصویر: Getty Images/AFP/Str

بھگدڑ کا یہ واقعہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی جڑواں ریاستوں کی سرحد پر واقع علاقہ راجا منڈری میں مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے صبح کے قریب پیش آیا۔ ہزاروں ہندو زائرین آج مہا پُشکارالو تہوار کے آغاز پر دریائے گوداواری میں نہانے کے لیے صبح سویرے ہی سے وہاں پہنچنا شروع ہو گئے تھے کہ دو گھنٹوں بعد ہی وہاں بھگدڑ مچ گئی جس میں تا حال اطلاعات کے مطابق 27 افراد کچل کر مارے گئے جبکہ دیگر 29 زخمی ہوئے۔

پولیس کی طرف سے اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد پہلے پانچ بتائی گئی تھی۔ بعد ازاں آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائڈو کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اپنے بیان میں کہا، ’’بھگدڑ کے اس واقعے میں 27 زائرین کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مزید 29 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کم از کم 2 کی حالت نازک ہے۔‘‘ ہلاک ہونے والوں کی شناخت اب تک نہیں ہو پائی تاہم ایک سینئر پولیس اہلکار کے مطابق ان ہلاک ہونے والوں میں کم از کم چار خواتین اور ایک 15 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔

Menschen sterben bei Masenpanik in Indien
بھگدڑ مچ جانے سے ہلاکتیں ہوئیںتصویر: Getty Images/AFP/Str

آندھرا پردیش کی پولیس کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ سرینیواسن راؤ نے اے ایف پی کو تفصلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اُس وقت رونما ہوا، جب زائرین کا پہلا گروپ دریا سے نہا کر نکل رہا تھا اور دوسرا گروپ دریا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زائرین ایک دوسرے کی راہ میں حائل ہوئے اور بھگدڑ مچ گئی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ راجا منڈری میں بھگدڑ کے اس واقعے میں ہندو زائرین کی ہلاکتوں پر بہت افسردہ ہیں۔ مودی نے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بچ جانے والوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دریں اثناء آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائڈو کے ایک ترجمان پربھارکر نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اس واقعے کے متاثرین کے لیے بطور تلافی ایک ملین روپے کی رقم کی منظوری دے دی ہے جبکہ زخمیوں کے علاج پر آنے والے تمام طبی اخراجات بھی ریاستی حکومت اُٹھائے گی۔

Kumbh Mela Pilgerfest Indien
گنگا میں اشنان کرنا ہندوؤں کے دھرم کی ایک اہم رسم ہےتصویر: REUTERS

مہا پُشکارالو تہوار کے آغاز کے ساتھ ساتھ اُدھر بھارت کی مغربی ریاست مہا راشٹرا میں تجارتی اور ثقافتی مرکز ممُبئی سے شمال مغرب کی طرف واقع ایک اہم اور مشہور شہر ناسک میں ایک اور بڑا میلہ کمبھ بھی شروع ہوا ہے۔ اس تاریخی میلے میں آئندہ دو مہینوں کے دوران ہزاروں لاکھوں ہندو زائرین کی آمد متوقع ہے۔

کمبھ مذہبی میلہ جسے بھارتی ’سرزمین پر منعقدہ عظیم تقریب‘ بھی قرار دیا جاتا ہے ہر 12 سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ کمبھ کے میلے کے موقع پر زائرین دریائے گنگا میں نہاتے ہیں۔ ہندو عقائد کے تحت اس رسم سے گناہ دھلتے ہیں اور جنت کا راستہ کھلتا ہے۔ گزشتہ کمبھ میلے میں بھی بھگدڑ کا ایک ہلاکت خیز واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 39 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔ اس بار اس تہوار میں گنگا میں نہانے کی رسم 29 اگست سے شروع ہو گی۔