1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت بنگلہ دیش سرحد پر، بارڈر بازار کا افتتاح

25 جولائی 2011

تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کے تحت بھارت اور بنگلہ دیش نے سرحد پر بارڈر بازار کا آغاز کیا ہے، جہاں دونوں ممالک کے لوگ خریداری کر سکتے ہیں۔ آج کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو اعلیٰ ترین بنگلہ دیشی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/122z8
تصویر: DW

بنگلہ دیش کے وزیر تجارت محمد فرخ خان اور ان کے بھارتی ہم منصب آنند شرما نے ہفتہ کو بھارتی ریاست میگھالیہ کی سرحد پر ’بارڈر بازار‘ کا افتتاح کیا۔ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا ، ’’وزراء نے دونوں ممالک کے قومی پرچم لہرا کر سرحد پر بازار کا افتتاح کیا‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ اس بازار کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے لوگ یہاں سامان کی خرید و فروخت کر سکتے ہیں۔

بنگلہ دیشی وزارت تجارت کے سربراہ خان نے بتایا کہ دونوں ملک آنے والے دنوں میں اس طرح کا دوسرا بازار بھی کھولنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بازار کا مقصد اُس طرح کے روایتی رشتوں کو بحال کرنا ہے، جیسے سن 1947 میں تقسیم سے پہلے تھے۔ 1971 میں مشرقی پاکستان آج کے پاکستان سے علیٰحدہ ہو گیا تھا اور اسے بنگلہ دیش کا نام دیا گیا تھا۔

گزشتہ ڈھائی سال سے بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان رشتوں کو بہتر بنانے کے لیے جو کوششیں ہو رہی ہیں ، بارڈر بازار انہی کا ایک حصہ ہے۔ بھارت نے ہی بنگلہ دیش کو پاکستان سے علیٰحدہ ہونے میں مدد فراہم کی تھی، اس کے باوجود ماضی میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کوئی اچھے نہیں رہے۔

Flash-Galerie Mächtige Politikerinnen Sonja Gandhi
سونیا گاندھی کے دو روزہ دورے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیںتصویر: AP

تجزیہ کاروں کے مطابق سن 2009 میں بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی قیادت والی حکومت کے آنے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ ہندوستان کی حکمراں کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی آج پیر کو ڈھاکہ کے دورے پر گئی ہیں، جہاں انہوں نے بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی ہے۔ سونیا گاندھی بنگلہ دیشی حکومت کی طرف سے بھارت کی سابق وزیر اعظم اور اپنی ساس اندرا گاندھی کو دیا جانے والا اعلیٰ ترین قومی ایوارڈ وصول کریں گی۔ اندرا گاندھی کی حکومت نے ہی سن 1971 میں فوجی مداخلت کر کے بنگلہ دیش کو پاکستان سے علیٰحدہ ہونے میں مدد دی تھی۔ آئندہ ستمبر میں بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔

سونیا گاندھی کے دو روزہ دورے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی وزیر خارجہ دیپو مونی نے سونیا گاندھی کے بارے میں کہا ، ’’وہ آزادی کی جدوجہد کے دوران ہماری ایک بڑی دوست اندرا گاندھی کے خاندان کی رکن ہیں‘‘۔

گزشتہ ہفتے ہی بنگلہ دیشی کابینہ نے اندرا گاندھی کو ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کے لیے سب سے بڑے قومی اعزار ’’بنگلہ دیش آزادی‘‘ دینے کی منظوری دی تھی۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت : امجد علی