1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: کائزرس لاؤٹیرن نے بائرن میونخ کو ہرا دیا

28 اگست 2010

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے دوسرے میچ ڈے میں ایف سی کائزرس لاؤٹیرن نے بائرن میونخ کو دو صفر سے شکست دے دی ہے۔ کائزرس لاؤٹیرن کی جانب سے دونوں گول 60 سیکنڈ میں کئے گئے۔

https://p.dw.com/p/OyFY
تصویر: picture alliance/dpa

اس چیمپیئن شپ کے دوسرے میچ ڈے کا آغاز جمعہ کو ہوا، اور یہ اس سلسلے کا پہلا کھیل تھا۔ کائزرس لاؤٹیرن بنڈس لیگا کے دوسرے درجے سے ترقی پا کر اوپر آئی ہے۔ یوں اس کارکردگی سے اس نے چیمپیئن بائرن میونخ کو چونکا دیا ہے۔ یہ ایک دلچسپ میچ تھا، جسے دیکھنے کے لئے تقریباﹰ 50 ہزار شائقین میدان میں موجود تھے۔ کھیل کا پہلا گول 36 ویں منٹ میں کروشیئن مڈل فیلڈر Ivo Ilicevic نے کیا۔ انہوں نے 20 میٹر کے فاصلے سے یہ شاٹ کھیلا۔

1. FC Kaiserslautern gegen FC Bayern München
کائزرس لاؤٹیرون نے دونوں گول 60 سیکنڈ کے دوران کئےتصویر: picture alliance/dpa

اس کے ایک منٹ بعد ہی کروشیا ہی کے Srdan Lakic نے میچ کا دوسرا گول کر دیا، جس کے بعد بائرن میونخ کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔

بائرن میونخ کی ٹیم بنڈس لیگا کے اس سیزن میں اپنا پہلا میچ جیت چکی ہے۔ اس کے کھلاڑیوں نے جمعہ کے میچ میں اوپر آنے کے لئے جان توڑ کوشش کی۔ انہوں نے تقریباﹰ نصف درجن حملے کئے لیکن کائزرس لاؤٹیرن کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے۔

بائرن کے کھلاڑی فلپ لاہم نے بعدازاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’ہم 90 منٹ تک اچھی ٹیم رہے اور ہمیں اچھے مواقع بھی حاصل رہے، لیکن آج ہمارا دِن نہیں تھا۔‘

بائرن کو اپنے کھلاڑی آرجین رابین کی خدمات حاصل نہیں، جو زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ تاہم کروٹ اولِک کی ٹیم میں واپسی سے انہیں جمعہ کو ایک اچھا آغاز حاصل رہا۔ اس وقت تھامس میولیر کی ایک شاندار کِک نے گول کا واضح موقع دیا، تاہم بائرن کے کھلاڑیوں نے یہ موقع ضائع کر دیا۔

1. FC Kaiserslautern gegen FC Bayern München
بائرن میونخ کا کوئی حملہ کامیاب نہ ہو سکاتصویر: picture alliance/dpa

ہفتہ کو اس میچ ڈے کے چھ میچ کھیلے جا رہے ہیں، جن میں شالکے اور ہنوور کا مقابلہ اہم ہے۔ اس دوران شالکے رواں سیزن کے لئے اپنے پہلے پوائنٹس سمیٹنے کی کوشش کرے گی۔ دن کے دیگر مقابلے ویردیر بریمن اور ایف سی کولون، وولفس برگ اور مائنز، ہیمبرگ اور فرینکفرٹ، نیوریم برگ اور فرائی برگ، سینٹ پاؤلی اور ہوفن ہائم کے درمیان ہوں گی۔

ٹیموں کی رینکنگ کی تازہ پوزیشن کے مطابق کائزرس لاؤٹیرن چھ پوائنٹس کے ساتھ نمبر ایک پر ہے۔ دوسرے نمبر پر ہوفن ہائیم، تیسرے پر سینٹ پاؤلی، چوتھے پر مائنز اور پانچویں پر لیورکوزین ہے۔ ان سب کو تین تین پوائنٹس حاصل ہیں۔ تاہم رینکنگ کا تعین گول ایوریج سے کیا گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں