1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا اٹھائیسواں میچ ڈے مکمل، وولفس برگ تاحال پر امید

4 اپریل 2011

بنڈس لیگا کے اٹھائیسویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن کھیلے گئے میچوں میں وولفس برگ اور فرینکفرٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ کولون کی ٹیم نے نیوریمبرگ کی ٹیم کو ایک صفر سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/10msH
تصویر: AP

وی ایف ایل وولفس برگ کی ٹیم نے اپنے میچ کے 85 ویں منٹ میں گول کر کے اپنے مداحوں کی یہ امید بڑھا دی ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں درجہ اول کی بنڈس لیگا ہی کا حصہ رہ سکتی ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں وولفس برگ کے Mario Mandzukic نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ انہوں نے ڈیاگو کے ایک عمدہ پاس پر فٹ بال کو ہیڈ کرتے ہوئے اسے گول پوسٹ میں ڈال دیا۔

اس سے قبل آئنتراخت فرینکفرٹ کے Meier کھیل کے 59 ویں منٹ میں وولفس برگ کے خلاف گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

Fußball Bundesliga 2004 Bayer Leverkusen - VfB Stuttgart 2 : 0 letzter Spieltag Stuttgarts Trainer Felix Magath
وولفس برگ کے کوچ فیلکس ماگاتھتصویر: AP

وولفس برگ کی طرف سے اس میچ کو برابر کرنے کی وجہ سے اب یہ امکانات روشن ہو گئے ہیں کہ 2009ء میں بنڈس لیگا کا تاج پہننے والی ٹیم آئندہ برس بھی درجہ اول کی بنڈس لیگا کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔ 2009ء میں جب وولفس برگ کی ٹیم جرمنی میں فیڈرل فٹ بال لیگ کی سالانہ چیمپیئن بنی تھی تو اس وقت اس ٹیم کے کوچ فیلکس ماگاتھ تھے۔ اب دوبارہ ماگاتھ نے جیسے ہی وولفس برگ کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی ہے، یہ ٹیم اپنے مسلسل دو میچ برابر رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ یہ بات اس لیے اہم ہے کہ اس ٹیم نے اگر اپنے یہ دونوں میچ جیتے نہیں تو کم از کم وہ یہی مقابلے ہاری بھی نہیں۔

اس میچ کے بعد ماگاتھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’ہمارے خلاف جو گول ہوا، وہ آف سائیڈ پوزیشن سے کیا گیا تھا جبکہ فریڈرش کو دکھایا جانے والا ریڈ کارڈ بھی ایک سخت فیصلہ تھا‘۔ انہوں نے مزید کہا، ’ان دو غلط فیصلوں کے بعد بھی ہم نے ایک پوائنٹ حاصل کر لیا ہے، جو میرے لیے خوشی کی بات ہے‘۔

دوسری طرف اتوار ہی کے دن کھیلے گئے ایک اور میچ میں کولون کی ٹیم نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد نیوریمبرگ کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ بعد ازاں کولون کے کوچ فرانک شیفر نے کہا، ’یہ ایک سخت مقابلہ تھا لیکن آخر میں ہم خوش قسمت رہے‘۔

بنڈس لیگا کے اٹھائیسویں میچ ڈے کے دوسرے دن یعنی کل ہفتے کو کھیلے گئے میچوں میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ٹیم ڈورٹمنڈ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم لیور کوزن نے کائزرز لاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ 28 ویں میچ ڈے کے اختتام پر لیگ میں تیسرے نمبر پر دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ ہے۔ ہفتے کو میونخ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک صفر سے ہرا دیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں