1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا 24 واں میچ ڈے مکمل

28 فروری 2011

جرمنی کی قومی فٹبال چیمپیئن شپ بُنڈس لیگا کا 24 واں میچ ڈے مکمل ہوگیا ہے۔ اتوار کے روز نسبتاﹰ کمزور ٹیم ویدر بریمن حیران کن طور پر دوسری پوزیشن پر موجود ٹیم لیورکوزن کے ساتھ میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

https://p.dw.com/p/10QRa
تصویر: AP

بنڈس لیگا کے 24 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز دو مقابلے ہوئے۔ ویردر بریمن بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں کمزور ترین ٹیموں میں شمار ہونے کے باوجود بہترین ٹیموں میں سے ایک لیورکوزن کے ساتھ میچ دو دو گول سے برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ اس میچ کی برابری کے باوجود لیورکوزن کی دوسری پوزیشن تو برقرار ہے تاہم ٹیم کے کوچ Jupp Heynckes اس صورتحال سے ناخوش نظر آئے۔

" ٹیم یقینی طور پر شدید دلبرداشتہ ہے۔ انہیں ایک فاتح کے طور پر میدان چھوڑنا چاہیے تھا، کیونکہ ہم نے 70 منٹوں تک بریمن پر مکمل برتری قائم رکھی۔ ہم نے دو پوائنٹس کھو دیے، کیونکہ ہم نے میچ کے آخری منٹوں میں سمجھداری کا مظاہرہ نہیں کیا،" کوچ نے کہا۔

Flash-Galerie Fußball Bundesliga 2011 24. Spieltag FC Bayern Muenchen Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے درمیان کھیلے گئے میچ کا ایک منظرتصویر: dapd

اس سے قبل اتوار کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں اشٹٹ گارٹ نے فرینکفرٹ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ کھیل کے 15 منٹ میں اشٹٹ گارٹ کے کپتان Mathieu Delpierre کی طرف سے فاؤل کے بعد انہیں میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ اشٹٹ گارٹ نے زیادہ تر میچ 10 کھلاڑیوں سے کھیلنے کے باوجود اس میچ میں فتح حاصل کی۔

24 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز چھ میچ کھیلے گئے۔ ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اہم میچ میں بوروسیا ڈورٹمنڈ نے دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔ بائرن میونخ کو شکست دینے کے بعد لیگ میں پہلے نمبر پر براجمان کلب ڈورٹمنڈ کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔ اسے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ٹیم لیور کوزن سے اب 12 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک اور اہم میچ میں ہینوور نے سینٹ پاؤلی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اس فتح کے باعث ہنوور کا کلب پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی سے تیسری پوزیشن پر پہنچ گیا جبکہ بائرن میونخ اب چوتھی پوزیشن پر ہے۔

Flash-Galerie Fußball Bundesliga 2011 24. Spieltag 1. FC Kaiserslautern Hamburger SV
کائزرز لاؤٹن اور ہیمبرگ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں گیند کے حصول کی تگ ودوتصویر: picture alliance / dpa

ہفتے ہی کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں کولون نے فرائی برگ کو ایک صفر سے جبکہ مائنز نے ہوفن ہائم کوایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرایا۔ کائزرزلاؤٹرن اور ہیمبرگ کے علاوہ شالکے اور نیورمبرگ کے درمیان کھیلے گئے میچ ایک ایک گول سے برابر رہے۔

24 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعہ کے روز کھیلے گئے واحد میچ میں وولفس برگ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے میچوں کے بعد بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ یوں ہے۔ پہلی پوزیشن بوروسیا ڈورٹمنڈ کے پاس ہے اور اسے 58 پوائنٹس حاصل ہیں۔ دوسری پوزیشن پر بائرلیورکوزن کی ٹیم ہے اور اس کے پاس 46 پوائنٹس ہیں۔ ہنوور کی ٹیم 44 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی سے اب تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کے پاس 42 پوائنٹس ہیں اور یہ اب چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جبکہ مائنز کی ٹیم 40 پوائنٹس حاصل کرکے پانچویں پوزیشن پر ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید