1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلے بازوں کی ناکامی، پاکستان کو شکست

عدنان اسحاق27 فروری 2016

ایشیا کپ کرٹک ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ میں پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام ہو گئی۔ صرف دو کھلاڑی دس سے زیادہ رنز بنا سکے۔

https://p.dw.com/p/1I3UC
تصویر: Getty Images/D. Kalisz

ایک مرتبہ پھر پاکستان کے بلے بازوں کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے ٹیم صرف 17.3 اووز میں 83 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت نے مطلوبہ ہدف 15.3 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے ن‍قصان پر پورا کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد 25 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں اسکورر رہے۔ انہیں جڈیجا نے بولڈ کیا۔ سرفراز کے علاوہ خرم منظور ہی پاکستان کی جانب دس کا ہندسہ عبور کر سکے۔

اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ چار رنز پر گری، جب حفیظ چار رنز بنا کر پہلے ہی اوور میں اشیش نہرا کا شکار بننے۔ پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شرجیل تھے، جنہوں نے سات رنز بنائے تھے۔ ان کی وکٹ جسپرت بھمرا نے لی۔ خرم منظور دس رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا نے اپنے پہلے ہی اوور میں شعیب ملک کو آؤٹ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ یوراج سنگھ نے عمر اکمل ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ کپتان شاہد آفریدی بھی دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

Pakistan Kricket Muhammad Amir
تصویر: Getty Images/AFP/G. Guercia

بھارت ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا۔ محمد عامر نے اپنے پہلے ہی اوور میں شرما اور ریحانے کو آؤٹ کر کے سنسنی پیدا کر دی۔ اس کے بعد رائنا اور ویرات کوہلی نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن اس دوران محمد عامر نے رائنا کو پویلین بھیج دیا۔ رائنا نے ایک رن بنایا۔ عامر نے اپنے چار اوورز میں اٹھارہ رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم اس موقع پر کوہلی اور یووراج اسکور میں رنز کا اضافہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح تک لے گئے۔ ان دونوں کی 68 رنز کی پارٹنر شپ رہی۔ کوہلی49 رنز بنا کر محمد سمیع کی گیند پر ایل ڈبلیو ہوئے۔ ہاردک پانڈیا کوئی رنز بنائے سمیع کا شکار ہوئے۔ یووراج سنگھ 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے مابین کُل چھ مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچز ہو چکے ہیں۔ ان میں سے پاکستان صرف ایک میچ میں بھارت کو شکست دے سکا جبکہ پانچ مرتبہ بھارت میدان سے فاتح بن کر نکلا۔ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات میں تناؤ کی وجہ سے دونوں ٹیمیں گزشتہ تین برسوں سے کوئی سیریز نہیں کھیل سکی ہیں اور یہ صرف بین الاقوامی مقابلوں میں ہی ایک دوسرے کی حریف ہوتی ہیں۔پاکستان اور بھارت فروری 2015ء میں آخری مرتبہ کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے تھے۔ یہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ کا ایک میچ تھا۔

ایشیا کپ میں کل پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں پاکستان، میزبان بنگلہ دیش، سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور بھارت شامل ہیں۔ بنگلہ دیش ابھی تک دو میچز کھیل چکا ہے۔ وہ اپنے پہلے میچ میں بھارت سے شکست کھا گیا تھا۔ میزبان ٹیم اپنے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو شکست دے کر اب تک دو پوائنٹس حاصل کیے ہوئے ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم ابھی تک کوئی میچ نہیں جیت سکی جبکہ سری لنکا کے ایک میچ کے بعد دو پوائنٹس ہیں۔

بارہ روزہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پہلی مرتبہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس کے فوری بعد بھارت میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی کپ شروع ہو جائے گا۔