1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بریگزٹ کے سوال پر دوبارہ ریفرنڈم کرایا جائے، صادق خان

16 ستمبر 2018

لندن کے میئر صادق خان نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ کے یورپ سے اخراج کے سوال پر ایک اور ریفرنڈم کرایا جائے۔ صادق خان سیاستدانوں کی اس بڑھتی ہوئی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جو بریگزٹ پر دوسرے ریفرنڈم کے حق میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/34xC5
Sadiq Khan Bürgermeister von London
تصویر: Getty Images/J. Phillips

برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج میں اب قریب چھ ماہ کا وقت ہی باقی بچا ہے۔ تاہم اپوزیشن لیبر پارٹی کے سینیئر رہنما اور لندن کے میئر صادق خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بریگزٹ یا برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے سوال پر ملک میں ایک اور ریفرنڈم کرایا جائے۔ ان کا یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بریگزٹ کے سوال پر حکومت کے اندر تفریق بڑھتی جا رہی ہے۔

آبزرور نامی اخبار میں صادق خان نے لکھا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کی حکومت برطانیہ کے یورپی یونین کے ساتھ مستقبل کے تعلقات کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات کے لیے نہ تو تیار دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی اس کی گہرائی سے آگاہ نظر آتی ہے۔ صادق خان نے مزید لکھا، ’’اس کا مطلب ہے کہ حکومت کی طرف سے برسلز کے ساتھ مذاکرات میں حاصل شدہ بریگزٹ معاہدے پر ریفرنڈم کرایا جائے جس میں یورپی یونین میں رہنے کا آپشن بھی موجود ہو۔‘‘

خان کے مطابق عوام کے معیار زندگی، ملازمتوں اور ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات اتنے زیادہ ہیں کہ عوام سے اس پر ان کی رائے ضرور پوچھی جانی چاہیے: ’’میں نہیں سمجھتا کہ ٹریزا مے کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ لوگوں کے معیار زندگی اور معیشت کے ساتھ کھلے بندوں کھیل سکیں۔‘‘

صادق خان ان برطانوی سیاستدانوں میں شامل ہیں جو جون 2016ء میں بریگزٹ کے سوال پر ہونے والے ریفرنڈم کے موقع پر یورپی یونین میں رہنے کے حق میں چلنے والی مہم کا حصہ تھے۔

Mahnwache nach Anschlag in London - Sadiq Khan
صادق خان کا بریگزٹ کے لیے جاری عمل میں براہ راست تو کوئی کردار نہیں ہے مگر وہ سیاسی برادری میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔تصویر: picture-alliance/dpa/PA Wire/L. Hurley

’’پیپلز ووٹ‘‘ کے نام سے دوسری بار ووٹنگ کا خیال بعض برطانوی سیاستدانوں، یونینوں اور کاروباری رہنماؤں کے درمیان مقبول ہو رہا ہے، جن کا کہنا ہے کہ برطانوی عوام کو بریگزٹ معاہدے پر اپنی رائے دینا کا اختیار ملنا چاہیے۔

صادق خان کا بریگزٹ کے لیے جاری عمل میں براہ راست تو کوئی کردار نہیں ہے مگر وہ سیاسی برادری میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ برطانیہ کا یورپی یونین سے اخراج 29 مارچ 2019ء کو طے ہے تاہم ابھی تک اس معاملے پر برطانیہ اور برسلز کے درمیان حتمی معاہدہ طے نہیں ہو پایا۔

ا ب ا / ص ح (خبر رساں ادارے)