1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بریگزٹ معاہدے کی توثیق ’یورپی یونین کے لیے افسوس ناک لمحہ‘

25 نومبر 2018

برسلز میں آج ہونے والے یورپی یونین کے ایک خصوصی سربراہ اجلاس کے دوران بریگزٹ معاہدے کی توثیق کر دی گئی ہے۔ یورپی یونین کے لیے یہ کوئی خوشی کا موقع نہیں کیونکہ اب اس یورپی اتحاد میں باقاعدہ پہلی دراڑ پڑ  چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/38sDa
Symbolbild EU-Brexit-Gipfel
تصویر: AFP/Getty Images/D. Leal-Olivas

یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین کے باقی رہ جانےوالے ستائیس ارکان نے برطانیہ کے اس اتحاد سے انخلاء کے معاہدے کی توثیق کر دی ہے، ’’27 رکنی بلاک نے یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کے معاہدے اور مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے سیاسی اعلامیے کو منظور کر لیا ہے۔‘‘ اس معاہدے کے تحت اگلے برس انتیس مارچ کو برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا جبکہ مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے ایک فریم ورک بھی تیار کیا گیا ہے۔ تاہم اب برطانوی پارلیمان اس معاہدے کو منظور کرے گی۔

EU-Sondergipfel zum Brexit in Brüssel
تصویر: Reuters/O. Hoslet

اس موقع پر یورپی یونین نے برطانیہ کو اقتصادی اور سیاسی شعبے میں ایک پر عزم شراکت داری کی پیشکش بھی کی ہے۔ اس سے قبل یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے کہا تھا کہ بریگزٹ ان کے لیے ایک افسوس ناک لمحہ ہے۔ انہوں نے تاہم اس امید کا اظہار کیا کہ برطانوی پارلیمان بریگزٹ ڈیل کے مسودے کو منظور کر لے گی۔ ینکر نے اسے ایک بہترین ممکنہ معاہدہ  قرار دیا۔

 انخلاء کے اس معاہدے کے تحت عبوری عرصے یعنی 2020ء کے آخر تک برطانیہ یورپی یونین کی داخلہ منڈی اور کسٹم یونین کا حصہ رہے گا۔ عبوری مدت کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ کی ایک مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی، جو کہ حتمی معاہدے کی نگرانی کرے گی اور باہمی رضامندی سے اسی معاہدے کے اندر رہتے ہوئے مزید فیصلے کیے جا سکیں گے۔

 اس کے علاوہ اس معاہدے کی رو سے یورپی یونین کے رکن ممالک اور برطانیہ کے شہریوں کے حقوق کو تحفظ دیا جائے گا، مالیاتی مسائل کو حل کیا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ آئرلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کی درمیان سرحد سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینا بھی اس معاہدہ کا حصہ ہے۔

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے کہا کہ یہ معاہدہ قومی مفاد میں ہےاور اس کے ساتھ ساتھ یہ یورپی یونین سے انخلاء کے حق اور مخالفین کے تحفظات کو بھی دور کرتا ہے، ’’ یہ روشن مستقبل کے لیے ایک معاہدہ ہے، جو ہمارے لیے یہ ممکن بناتا ہے کہ ہم  مواقعوں استعمال کر سکیں۔‘‘  اس موقع پر انہوں نے تمام برطانوی شہریوں سے اس معاہدے کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بریگزٹ کے بعد آزاد نقل و حرکت کا مستقبل کیا ہو گا؟