1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بریڈ پٹ کی فلم ’دا ٹری آف لائف‘ کے انتظار کے لمحات ختم

16 مئی 2011

کن فلمی میلے میں طویل انتظار کے بعد امریکی ہدایت کار ٹیرینس ملک کی فلم ’ دا ٹری آف لائف‘ آج پیر کو مقابلے میں اتر رہی ہے۔ اس بار کے مقابلے کی 20 فلموں میں سے سب سے زیادہ زیربحث یہی فلم رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/11Gh5
کن فلم فیسٹیول 2011 ءتصویر: Cannes Filmfestival 2011

ٹیرینس ملک کی فلموں کے دیوانے ہی نہیں بلکہ فلمی ناقدین بھی ایک عرصے سے ان کی کسی نئی فلم کے منتظر تھے۔ اس فلم کی شہرت کی ایک بڑی وجہ اس کے عالمگیر شہرت یافتہ اداکار ہیں۔ ٹیرینس کی اس ڈرامہ فلم میں بریڈ پٹ، شان پین، اور جیسیکا چیسٹین نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

ٹیرینس ملک کی یہ فلم تمام شائقین اور کن فلمی میلے کے شرکاء کے تجسس کو ختم کرتے ہوئے اس بار کے فلم فیسٹیول کے عین وسط میں اسکرین کی جا رہی ہے۔ اس سال کن فلم فیسٹیول گیارہ مئی کو شروع ہوا تھا اور 22 مئی تک جاری رہے گا۔ اس اعتبار سے آج یعنی 16 مئی کو اس فلمی میلے کا دوسرا حصہ شروع ہو رہا ہے۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ بریڈ پٹ کی گلیمر اور چکا چوند سے بھرپور اس فلم کو اب بھی اس بار کے مقابلے کی فلموں کے مجموعی معیار تک پہنچنے کی کوشش کرنا ہے۔

USA Kino Filmszene Babel mit Brad Pitt
بریڈ پٹ امریکی فلم Babel میںتصویر: picture alliance/dpa

ٹیرینس ملک کے بارے میں مشہور ہے کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کی دوسری فلم ’ ڈیز آف ہیونز‘ کے بعد تیسری فلم ’ دا تھن ریڈ لائن‘ بنانے میں بیس سال لگائے تھے۔ ان کی دوسری فلم 1978ء جبکہ تیسری 1998ء میں تیار ہوئی تھی۔ ٹیرینس ملک کی چوتھی فلم ’ دا نیو ورلڈ‘ تھی جس کے بعد پانچویں فلم ’دا ٹری آف لائف‘ بنانے میں انہیں پانچ سال کا عرصہ لگ گیا۔ اس سال کے کن فلم فیسٹیول میں ریڈ کارپٹ پر انجلینا جولی، رابرٹ دی نیرو، جانی ڈیپ، پینیلوپ کروز، ووڈی ایلن اور اوئن ولسن کے علاوہ بریڈ پٹ اورشان پن بھی جلوہ نما ہوں گے۔ بڑے بڑے اسٹوڈیوز کا انتظام کیا گیا ہے جہاں کے پُرتعیش لاؤنج میں بیٹھے فلمی دنیا کے ستارے چار ہزار صحافیوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔

The Tourist Film Premiere Angelina Jolie Brad Pitt Johnny Depp
رومانوی جوڑا: بریڈ پٹ اور انجلینا جولیتصویر: AP

اُدھر ایک امریکی تقسیم کنندہ کمپنی FilmDistrict نے گزشتہ روز کن فلم فیسٹیول میں یہ اعلان کیا کہ انجلینا جولی کی ہدایت کردہ پہلی فلم ’ اِن دا لینڈ آف بلڈ اینڈ ہنی‘ 23 دسمبر کو ریلیز ہو گی۔ انجلینا کی یہ فلم بوسنیا کی 1990ء کی جنگ سے متعلق ہے۔ اس میں تمام کردار مقامی اداکاروں نے ادا کیے ہیں۔ جن میں زیادہ تر وہ افراد شامل ہیں، جو بوسنیا کی جنگ کے دوران بچے تھے۔

اس بار کے کن فلم فیسٹیول میں انجلینا کی شرکت کا اصل مقصد اپنے رومانوی پارٹنر بریڈ پٹ کی ڈرامہ فلم’ دا ٹری آف لائف‘ اور ’ کنگ فو پانڈا 2 ‘ کو پروموٹ کرنا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں