1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی کابینہ میں رد و بدل

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: عدنان اسحاق6 جون 2009

برطانوی وزیرِاعظم گورڈن براؤن نے اپنی کابینہ میں رد و بدل کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ وہ دباؤ کے باوجود وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے دست بردار نہیں ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/I4P6
بھاگوں گا نہیں، برطانوی وزیرِ اعظم براؤنتصویر: AP

برطانوی وزیرِاعظم گورڈن براؤن کا کہنا ہے کہ متعدد وزراء کے مستعفی ہونے کے باوجود وہ اپنا عہدہ نہیں چھوڑیں گے اور سیاسی بحران کا مقابلہ کریں گے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال ان کے لیے ایک امتحان ہے اور وہ ملک کو معاشی اور سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے ہر ممکن کارروائی کریں گے۔

واضح رہے کہ براؤن کابینہ کے دو مزید وزراء جیف ہون اور جان ہٹن اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ اس طرح مسعقی ہونے والے وزراء کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ برطانوی وزیرِاعظم پر اقتدار چھوڑنے اور قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

Gordon Brown
گورڈن براؤن پر استعفے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے


مزید برآں جمعرات کو ہوئے انگلش کاؤنٹی کونسل کے انتخابات میں حکمران لیبر پارٹی کو ملک بھرمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حزبِ مخالف کنزرویٹر جماعت نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کی ہے۔

گورڈن براؤن نے اس ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں شکست تکلیف دہ تھی اور بہت سے اچھے لوگ جو اپنے حلقوں میں بہت اچھا کام کر رہے تھے وہ ہار گئے ہیں جس کے وہ خود ذمہ دار نہیں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں ان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور ان سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جو انتخابات میں جیتے ہیں‘

اس ناکامی کے بعد لیبر پارٹی کے اندر سے بھی وزیرِاعظم براؤن کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ بعض تجزیوں کے مطابق قومی سطح پر لیبر پارٹی کے ووٹوں کی شرح گھٹ کر تئیس فیصد رہ گئی ہے جو کہ لبرل ڈیموکریٹس کے اٹھائیس فیصد سے بھی کم ہے۔ کنزرویٹو جماعت کے ووٹوں کی کل شرح اڑتیس فیصد کے قریب ہے۔

اس کے باوجود گورڈن براؤن مصر ہیں کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ سمجھتے کہ وہ بحران پر قابو پانے کے اہل نہیں ہیں تو وہ خود ہی عہدہ چھوڑ دیتے۔ ان کی رائے میں کابینہ میں انہوں نے تجربہ کار اور با کردار لوگوں کا انتخاب کیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق کابینہ میں رد و بدل کے زریعے گورڈن براؤن نے بحران پر قابو پانے کی ایک کوشش کی ہے تاہم بچاؤ کی یہ ایک آخری کوشش ہے جس کے زریعے براؤن بہت زیادہ مضبوط وزیرِاعظم کے طور پر سامنے نہیں آئے ہیں۔