1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی مصفنہ مانٹل نے بُکر پرائز جیت لیا

7 اکتوبر 2009

برطانوی مصنفہ ہلیری میری مانٹل نے رواں برس کا بُکر پرائز برائے ناول نویسی جیت لیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز ان کے تاریخی ناول 'وولف ہال' کے لئے دیا گیا ہے۔ اس پرائز کے لئے چھ مصنفین کے ناولوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/K0WE
تصویر: AP

برطانیہ کی 57 سالہ مصفنہ ہلیری میری مانٹل کو ادبی اعزاز بُکر پرائز منگل کو لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں دیا گیا ہے۔ یہ تقریب لندن کے گلڈہال میں منعقد ہوئی، ہلیری مانٹل سنہرا لباس زیب تن کئے تقریب میں شریک ہوئیں، جیسے انہیں پہلے سے ہی انعام کا فیصلہ اپنے حق میں ہونے کا یقین ہو۔ اس موقع پر انہیں 50 ہزار پونڈ بھی ادا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بُکر پرائز حاصل کرنا ٹرین حادثے کا شکار ہونے کی مانند ہے تو وہ اس وقت انتہائی مسرت سے، خود کو ہوا میں محسوس کر رہی ہیں۔

بُکر پرائز کا اعلان پانچ ججوں پر مشتمل جیوری نے کیا، جس کی قیادت براڈکاسٹر جیمز ناؤٹی کر رہے تھے۔ ناؤٹی نے کہا کہ مانٹل کا ناول اس کے واضح ابتدائیے اوربیان کی تیزی کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے۔ جیوری میں شامل ایک جج نے اسے غیرمعمولی اور جدید ناول قرار دیا۔

Booker Preis Hilary Mantel
سال رواں کا بُکر پرائز جییتنی والی برطانوی مصنفہ ہلیری مانٹلتصویر: AP

ناؤٹی نے اس بارے میں کہا کہ یہ کوئی متقفہ فیصلہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی کبھی ہی ہوتا ہے لیکن اس فیصلے سے ہر کوئی مطمئن تھا۔

ہلیری مانٹل کا تاریخی ناول 'وولف ہال' انتہائی مقبول رہا ہے، جس میں 16ویں صدی کے کنگ ہنری ہشتم کے دَور کی داستاں بیان کی گئی ہے۔ یہ ناول کنگ ہنری کے انتہائی قریبی مشیر تھامس کروم ویل کی زندگی کے بارے میں ہے۔

کروم ویل اپنے والد کی جانب سے تشدد کا شکار تھے۔ بعدازاں وہ کارڈینل وولسے کے ساتھ کام کرنے لگے اور پھر کنگ ہنری ہشتم کے ایک اہم مشیر بن گئے۔ مانٹل اس کہانی کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اور ناول لکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جس میں 1540ء میں کروم ویل کی سزائے موت کا ذکر ہوگا۔

'وولف ہال' 650 صفحات پر مبنی ناول ہے۔ ہلیری مانٹل نے کہا کہ یہ کتاب لکھنے سے پہلے وہ بہت تذبدب کا شکار تھیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اس کے بارے میں 20 سال تک سوچتی رہیں اور پانچ سال اِس کتاب کی تکمیل پر صرف کئے۔۔

بُکر پرائز جیتنے کے بعد ہلیری مانٹل کی تمام کتابوں کی فروخت میں اضافہ متوقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر تک ان کے ناول 'وولف ہال' کی صرف برطانیہ میں 50 ہزار جلدیں فروخت ہو چکی ہیں۔

بُکر پرائز کے لئے دولت مشترکہ میں شامل ممالک اور آئرلینڈ سے انگریزی زبان کے مصنفین کو منتخب کیا جاتا ہے۔ گزشتہ سال یہ پرائز اروند ادیگا کو ان کے ناول 'دی وائٹ ٹائیگر' کے لئے دیا گیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین