1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
موسیقیبھارت

برجو مہاراج، کتھک ڈانس کے بھارتی لیجنڈ چل بسے

17 جنوری 2022

بھارتی کلاسیکی رقص کتھک کے عالمی شہرت یافتہ فنکار پنڈت برجو مہاراج تراسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی موت پر عدنان سمیع نے کہا، ’’ہم نے پرفارمنگ آرٹس کی دنیا میں ایک بے مثال ادارہ کھو دیا ہے۔‘‘

https://p.dw.com/p/45dM6
برجو مہاراج کتھ ڈانسر
پنڈت برجو مہاراج دنیا بھر میں اپنے پرستاروں کے درمیان 'مہاراج جی‘ کے نام سے جانے جاتے تھےتصویر: ZUMA Press/imago images

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں برجو مہاراج کی موت کی اطلاع دیتے ہوئے ان کی پوتی راگنی مہاراج نے بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ مہاراج گردے کی بیماری میں مبتلا تھے، ان کا ڈائلاسز کیا جارہا تھا اور ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔

 

دنیا بھر میں اپنے پرستاروں کے درمیان 'مہاراج جی‘ کے نام سے جانے جانے والے برجو مہاراج کو بھارتی کلاسیکی رقص کتھک  کا ایک لیجنڈ سمجھا جاتا تھا۔ برجو مہاراج کو بھارت کے دوسرے بڑے شہری اعزاز پدما وبھوشن سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

'فن کی دنیا میں ناقابل تلافی نقصان‘

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے برجو مہاراج کی موت پر 'شدید افسوس‘ کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا، ''یہ فن کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔‘‘

برجو مہاراج کا جنم کتھک ڈانسرز کے ایک معروف گھرانے میں ہوا تھا۔ انہوں نے کلاسیکی رقص کی تربیت  اپنے والد اچان مہاراج اور چچاؤں سے حاصل کی تھی۔ مہاراج نے سات برس کی عمر میں اپنی پہلی پرفارمنس پیش کی تھی۔

بھارتی کتھک ڈانسر برجو مہاراج
بھارتی کتھک ڈانسر برجو مہاراج تصویر: Deepak Malik/Pacific Press/picture alliance

بھارت میں مقیم پاکستانی نژاد موسیقار و گلوکار عدنان سمیع نے برجو مہارج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ''پرفارمنگ آرٹس کی دنیا میں ہم نے ایک ایسا بے مثال ادارہ کھو دیا ہے، جس نے کئی نسلوں کو اپنے فن سے متاثر کیا ہے۔‘‘

کتھک ڈانس کے لیے خدمات

کتھک رقص کے ذریعے داستان گوئی میں چہرے کے تاثرات کا بخوبی استعمال کیا جاتا ہے۔ مہاراج اپنے چہرے کے متحرک تاثرات اور گھنگروؤں کی مدھم جھنکار کے ساتھ پیروں کی ہلکی سی حرکت کے لیے جانے جاتے تھے۔ ان کی اکثر پرفارمنسز اپنی ہی زندگی سے متاثر ہوتی تھیں۔ وہ ایک ہنرمند کہانی کار خیال کیے جاتے تھے۔

بھارتی کلاسیکل ڈانسر گیتا چندرن نے سوشل میڈیا پر لکھا، ''دنیا میں بہت کم ایسے فنکار تھے جو برجو مہاراج کی طرح اتنے عمدہ پرفارمر اور استاد رہے ہوں۔‘‘

برجو مہاراج نے بھارت کے چوٹی کے ڈانس اداروں میں کئی نامور فنکاروں کو کتھک رقص کی تربیت بھی دی تھی۔ انہوں نے سن 1990 کی دہائی کے آخر میں کالاشرم نامی اپنا ڈانس اسکول بھی شروع کیا تھا۔

ع آ  / ع ا (اے پی، ڈی پی اے)

ممبئی میں بیتھوفن کیمپس منصوبے کا آغاز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں