1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برازیل کے جیل میں ہنگامہ آرائی، قیدیوں کے سرقلم کر دیے گئے

17 اکتوبر 2016

برازیل کی ایک جیل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران درجنوں قیدی ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اس دوران دو گروپوں کے مابین تصادم ہوا، جس میں ایک دوسرے کے حامیوں کو بیہیمانہ انداز میں ہلاک کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2RIRa
Brasilen  Boa Vista Satellitenbild der Haftanstalt
تصویر: picture-alliance/dpa/Google

برازیل کے بوآ وستا نامی علاقے کی جیل میں قیدیوں کے دو متحارب گروپوں کے درمیان ہونے والی اس خونریز جھڑپ میں کم از کم پچیس قیدی ہلاک ہو گئے۔ خبر رساں ادارے ’او گلوبو‘ نے پولیس ذرائع  کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس دوران سات قیدیوں کے سر قلم کر دیے گئے جبکہ چھ کو زندہ جلا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ قیدیوں نے ایک دوسرے پر خنجروں اور ڈنڈوں سے حملے کیے۔ بوآ وستا نامی علاقے کی جیل میں اس دوران سو کے قریب افراد کو یرغمال بھی بنا لیا گیا تھا۔ یہ وہ افراد تھے، جو اپنے سزائیں کاٹنے والے رشتہ داروں سے ملنے آئے تھے۔ یہ علاقہ روماریہ ریاست میں واقع ہے۔

Brasilien Cristo Redentor
بوآ وستا جیل برازیل کے مشہور شہر ریو ڈی جینیرو سے تقریباً ساڑھے تین ہزار کلومیٹر شمال مشرق کی جانب وینزویلا کی سرحد پر واقع ہےتصویر: Getty Images/AFP/Y. Chiba

روماریہ کے سکریٹری برائے انصاف اوزیئل کاسترو نے بتایا کہ اتوار کے روز یہ ہنگامہ آرائی ایک ایسے وقت پر شروع ہوئی جب ملاقاتی وہاں موجود تھے۔ ان کے بقول، ’’قیدیوں نے کہا کہ ان کے مطالبات سننے کے لیے کسی جج کو بھیجا جائے۔ لیکن جج کے بجائے پولیس کے خصوصی دستوں نے جیل پر دھاوا بولتے ہوئے پرغمالیوں کو رہائی دلوائی۔‘‘ کاسترو نے بتایا کہ یرغمالیوں میں زیادہ تر خواتین تھیں۔

برازیل کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں جیل کم اور قیدیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ اس وجہ سے ملک کی زیادہ تر جیلوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔ جیلوں میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان پایا جاتا ہے اور قید خانوں میں مختلف جرائم پیشہ گروپوں کے مابین دنگا فساد اور جیل توڑنے کی کوششیں عام سی بات ہے۔ بوآ وستا جیل برازیل کے مشہور شہر ریو ڈی جینیرو سے تقریباً ساڑھے تین ہزار کلومیٹر شمال مشرق کی جانب وینزویلا کی سرحد پر واقع ہے۔