1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بدعنوانی کے خلاف عالمی دن

9 دسمبر 2009

بدعنوانی کے خلاف عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی نے کرپشن کے خلاف آگاہی کے فروغ کے لئے اس دن کا اعلان اکتیس اکتوبر 2003ء کو کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/KyLX
تصویر: AP

کرپشن کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اس حوالے سے سرگرم تنطیموں کی جانب سے آگاہی کے پروگرام ترتیب دیے گئے۔ ساتھ ہی مختلف ممالک کے عوام احتجاجی مظاہروں کے ذریعے اپنی ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔ ایسے ممالک میں انڈونیشیا سرفہرست ہے، جہاں درجن بھر سے زائد کرپشن مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔ دارالحکومت جکارتہ میں طلبا اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ طلباء نے سیکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا جبکہ انہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کے شیل استعمال کئے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے رواں برس کے لئے 'کرپشن پرسیپشن انڈیکس' پر انڈونیشیا کا نمبر ایک سو گیاہوراں ہے۔ وہاں بھی دیگر ایشیائی ممالک کی طرح عوام سرکاری افسروں، پولیس اور سیاستدانوں کی بدعنوانی سے نالاں ہے۔

Korruption in Albanien
دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کرپشن کے خلاف مظاہرے بھی ہوئےتصویر: AP Photo

بدعنوانی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں ہے۔ پسماندہ یا ترقی یافتہ، ہر ملک کسی نہ کسی سطح پر اس کا سامنا کر رہا ہے۔ تاہم غریب ممالک کو اس کا نقصان زیادہ اٹھانا پڑتا ہے۔ اس سے معاشرے میں ناہمواری پیدا ہوتی ہے اور غربت بڑھتی ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے رواں برس کے لئے اپنے 'کرپشن پرسیپشن انڈیکس' پر اس حوالے سے ممالک کو ترتیب دیا ہے۔ اس پر صومالیہ کا نمبر آخری ہے، یعنی وہاں بدعنوانی کی صورت حال تباہ کن ہے۔ نیوزی لینڈ، ڈنمارک، سنگاپور، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ سرفہرست پانچ ممالک ہیں، جہاں صورت حال دیگر تمام سے بہتر ہے۔ جرمنی چودھویں نمبر پر ہے۔ اس انڈیکس پر پاکستان ایک سو انتالیسویں جبکہ بھارت چوراسیویں نمبر پر ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ 'آئی ایم ایف' کے مطابق سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال بھی بدعنوانی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ ایسا مرض ہے جو ناقص نظم و نسق کے ماحول میں زیادہ پھلتا پھولتا ہے۔

کرپشن کے خلاف کام کرنے والی عالمی تنظیم 'ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل' کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی بحران پر قابو پانے میں درپیش مشکلات میں سے ایک بدعنوانی بھی ہے۔

اقوام متحدہ نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے ایک مہم شروع کر رکھی ہے، جس کا موضوع ہے 'your no counts' یعنی آپ کی 'نہ' اہم ہے۔ یہ مہم اس مقصد سے شروع کی گئی ہے کہ شہری ہمیشہ بدعنوانی کے ماحول کے رحم و کرم پر نہیں ہوتےبلکہ اکثر 'نہ' کہنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

رپورٹ : ندیم گِل

ادارت : افسر اعوان