1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحرین میں مظاہروں میں ایک مرتبہ پھر شدت

14 مارچ 2011

بحرین میں حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف ایک مرتبہ پھر طاقت کا استعمال کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کو دارالحکومت مناما میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے تیزدھار پانی اورآنسو گیس کے گولے برسائے۔

https://p.dw.com/p/10YZY
تصویر: AP

بحرین میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے دوران گزشتہ ماہ میں کم ازکم سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اب گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر ان مظاہروں میں اس وقت شدت دیکھی گئی، جب سکیورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کیا۔

نوجوان مظاہرین کی طرف سے مناما کے ایک اہم تجارتی سینٹر کا راستہ بلاک کرنے کی کوشش کے بعد بحرین کے کراؤن پرنس نے شیعہ اپوزیشن کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مکالمت کے ذریعے ہی مطالبات کا حل ڈھونڈاجا سکتے ہیں۔

اتوار کو مظاہرین نے ’بحرین فنانشل ہاربر‘ کی طرف جانے والی ایک مرکزی شاہراہ کو زبردستی بند کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران وہاں موجود ایک نوجوان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا،’ بحرین میں سرمایہ کاری کسی ایک شخص کے لیے نہیں بلکہ تمام شہریوں کے لیے ہے‘۔ انہوں نے کہا ہے کہ شیعہ سنی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ مسئلہ مراعات کی منصفانہ تقسیم کا ہے۔

Proteste in Bahrain
بحرین میں اپوزیشن سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہی ہےتصویر: AP

اس موقع پر ایک نواجوان نے اپنی چھاتی پر سرخ نشان دیکھاتے ہوئے کہا کہ پولیس نے براہ راست اس پر آنسو گیس کا گولہ دے مارا تھا۔ اسی طرح وہاں موجود کئی مظاہرین نے روئٹرز کو بتایا کہ پولیس کس طرح ان پر تشدد کر رہی ہے۔

سن 1990ء کے بعد پہلی مرتبہ بحرین میں بد ترین مظاہرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ اس موجودہ صورتحال میں گزشتہ روز ہی امریکی حکام نے بحرین پر زور دیا کہ عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ملک میں حقیقی اصلاحات عمل میں لائی جائیں۔ بحرین کا دورہ کرنے والے اعلیٰ امریکی اہلکار وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا کہ بحرین میں وسیع پیمانے پر سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں وگرنہ علاقائی سطح پر اس کے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اگرچہ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس اور بحرین کے حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں بہتری کے لیے اپوزیشن مذاکرات پر آمادہ ہو جائے گی تاہم اپوزیشن کی طرف سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی مثبت پیشرفت نظر نہیں آئی ہے۔ بحرین کے کراؤن پرنس کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے اپوزیشن کو ایسی پیشکش کی ہے، جو ان کی توقعات سے کہیں بہتر ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں