1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحرین میں سیاسی جمود: شعیہ نوجوانوں میں انتہا پسندی کے خطرات

کشور مصطفیٰ4 مئی 2014

خلیج عرب کے پورے خطے میں سعودی عرب کی سنی بادشاہت اور ایران کی شعیہ حکومت کی پشت پناہی میں خوفناک شعیہ سُنی مخالفت اور فرقہ وارانہ فسادات کی آگ پھیلتی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1BtZ1
تصویر: Reuters

سیاہ لباس میں ملبوس درجنوں نوجوان بحرین کے شعیہ اکثریتی آبادی والے گاؤں کی سڑکوں پر پریڈ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان میں سے کچھ کے ہاتھوں میں پٹرول بم ہیں اور دیگر نوجوان اس خلیجی ریاست کے سُنی مسلم شاہی نظام اور بحرین کے خلیفہ کی ملامت کر رہے ہیں۔ عرب خلیجی ریاست بحرین پر 18 ویں صدی سے بادشاہت قائم ہے۔

چند نقاب پوش مرد آگ کے ایک دائرے کے ارد گرد کودتے اور خار دار تار کے نیچے سے گزرنے کی مشق کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے یہ کسی صحرا کے ٹریننگ زون میں ہیں۔ اُن کے ہاتھوں میں گھر میں تیار شدہ بم نما چیزيں دکھائی دے رہی ہے۔ اس قسم کے مناظر گزشتہ چند مہینوں سے آن لائن ویڈیوز کے ذریعے نشر کیے جا رہے ہیں۔ یہ بحرین کی شعیہ برادری اور وہاں بادشاہی اور مطلق العنانیت کے خلاف اور سیاسی اصلاحات کے حق میں آواز اُٹھانے کی کوشش کرنے والوں کی طرف سے حکمرانوں کے ليے ایک اشارہ ہو سکتا ہے۔

بحرین میں ديسی ساخت کے بموں سے حملوں کا سلسلہ کچھ عرصے سے تیزی اختیار کرتا جا رہا ہے۔ یہ امر تشویش کا باعث ہے کیونکہ اس سے شعیہ نوجوانوں میں انتہا پسندی کے رجحان میں اضافے کی نشاندہی ہورہی ہے۔ گرچہ بحرین کے شعیہ نوجوانوں کا یہ گروپ مشرق وسطیٰ کی دیگر ریاستوں میں پائے جانے والے شعیہ عسکریت پسند گروپوں، جیسے کہ لبنان کے حزب اللہ یا عراق کی مہدی آرمی جتنا مضبوط اور حجم میں اُن جتنا بڑا نہیں ہے اور ديسی ساختہ بموں کا استعمال بحرین کے اکثر علاقوں کی روز مرہ زندگی کو بھی اُس طرح متاثر نہیں کر رہا جیسے کہ مذکورہ عسکریت پسند گروپ کر رہے ہیں تاہم اس سے شعیہ نوجوانوں کے اندر پائی جانے والی مایوسی اور محرومی کا اندازہ ہو رہا ہے۔

Protest Bahrain
بحرین میں حکومت مخالف مظاہروں میں تیزی آرہی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

سیاسی جمود

اسٹریٹیجک اعتبار سے بحرین خلیج عرب کی ایک اہم بادشاہت ہے جہاں امریکا کا پانچواں بحری بیڑا موجود ہے۔ یہاں ہلکی نوعیت کی تاہم تسلسل سے جاری بدامنی رفتہ رفتہ کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ نظر ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کا ثبوت 2011 ء میں فروری اور مارچ کے مہینے میں ’عرب بہار‘ سے متاثر ہو کر بحرین میں شعیہ باشندوں کی طرف سے شروع کی جانے والی بغاوت ہے، جسے سُنی بادشاہت کی طرف سے بُری طرح کچل دیا گیا۔ تاہم اس آگ کی چنگاریاں پورے خطے میں جگہ جگہ دکھائی دیتی ہیں۔ خلیج عرب کے پورے خطے میں سعودی عرب کی سنی بادشاہت اور ایران کی شعیہ حکومت کی پشت پناہی میں خوفناک شعیہ سُنی مخالفت اور فرقہ وارانہ فسادات کی آگ پھیلتی جا رہی ہے۔

بحرین کے شعیہ اکثریتی آبادی والے ایک گاؤں الجننبیہ سے تعلق رکھنے والے ایک 21 سالہ نوجوان نے نيوز ايجنسی روئٹرز کو ایک فرضی نام سے بیان دیتے ہوئے کہا،" ہم اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں، ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ ہم میں سے بہت سوں نے اپنے خاندان کا ایک نہ ایک فرد کھویا ہے۔ ہم ہر اُس شخص کے خلاف لڑیں گے جو ہمیں مار رہا ہے۔ ہم اُس تحریک کو لے کر آگے بڑھیں گے جو ہمارے باپ، دادا اور بھائیوں نے شروع کی تھی" ۔

EINSCHRÄNKUNG Tränengas in Bahrain
شعیہ مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمالتصویر: Ahmed AlFardan

بم حملوں کی ویڈیو

انٹرنیٹ پر جاری ہونے والی ویڈیو میں بہت سے نوجوانوں کو 14 فروری کے یوتھ کولیشن کا جھنڈا اُٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ انٹرنیٹ کے ذریعے تشکیل شدہ ایک گروپ ہے جو 2011 ء میں ہونے والے بڑے عوامی مظاہروں کو سکیورٹی فورسز کی طرف سے کچل دیے جانے کے بعد سے ماناما حکومت کے خلاف آئے دن مظاہروں کا انعقاد کرتا ہے۔ شعیہ برادری کی طرف سے تقریباً روز ہی چھوٹے پیمانے پر مظاہرے کیے جاتے ہیں جن میں مظاہرین سُنی شاہی فیملی سے ملک میں ایک آئینی بادشاہت کے قیام کا مطالبہ کرتی ہے۔

اس گروپ کی طرف سے آن لائن جاری کی جانے والی کچھ ویڈیوز میں گزشتہ چند ماہ کے دوران ہونے والے مبینہ بم حملے دکھائے گئے ہیں جن میں پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ ان ویڈیوز کے پس منظر میں کبھی کبھی حزب اللہ کے چیف سید حسن نصراللہ کی تقاریر کے اقتباسات بھی چل رہے ہوتے ہیں۔

مبصرین، تجزیہ کاروں اور سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے خاص طور سے پولیس پر ہونے والے بم حملوں میں تیزی اور ان کے زیادہ مہلک ہونے سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ حملہ آور دو سال پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ تجربہ کار اور تربیت یافتہ ہو گئے ہیں۔