1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمال

14 فروری 2011

آج ہزاروں ایرانی باشندوں نے حکومتی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف گروپوں کی شکل میں تہران کے مرکزی چوک کی طرف مارچ کیا۔ ایرانی اپوزیشن کے یہ ارکان تیونس اور مصر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10H0Z
ایرانی اپوزیشن قائد حسین موسویتصویر: rppirannews

ایرانی دارالحکومت تہران میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے اِن مظاہرین کا راستہ روک رکھا تھا۔ یہ جلوس اصلاحات کی حامی اُس ایرانی اپوزیشن کی جانب سے طاقت کے مظاہرے کی ایک کوشش ہے، جو دسمبر 2009ء کے بعد سے سڑکوں پر نہیں نکلی ہے۔ تب آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اب بھی اِس بات کا قوی امکان ہے کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کے احتجاج کو روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گی۔

تیونس اور مصر میں جس طرح سے عوام نے اپنے احتجاج کے ذریعے عشروں سے وہاں برسرِ اقتدار چلے آ رہے اپنے اپنے صدور کو مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا تھا، ایرانی عوام میں اُسے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ اِسی پذیرائی سے ایرانی اپوزیشن کے قائدین میر حسین موسوی اور مہدی کروبی نے فائدہ اٹھانا چاہا اور اِن دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے مظاہرے منظم کرنے کا پروگرام بنایا تاہم حکام نے اِس کی اجازت نہیں دی ہے۔

Gedenken an die Revolution
ایران کا آزادی چوک، جس کی طرف آج ایرانی اپوزیشن کے ہزاروں ارکان مارچ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، فائل فوٹوتصویر: AP

اجازت نہ ملنے کے باوجود ایرانی اپوزیشن مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپوزیشن قائد موسوی کی ویب سائٹ کے مطابق اُنہیں اور اُن کی اہلیہ زَہرہ کو اِس مارچ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا اور یہ کہ صبح ہی سے پولیس نے موسوی کے گھر کو جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔ دوسرے اپوزیشن قائد مہدی کروبی بھی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ گزشتہ تقریباً ایک ہفتے سے اپنے گھر پر عملاً نظر بند ہیں اور اُن کے رشتہ داروں کو بھی اُن سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ ایرانی حکام نے اپوزیشن کو کوئی ’سکیورٹی بحران‘ پیدا کرنے سے خبردار کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ شاہراہِ آزادی اور شاہراہِ انقلاب پر سینکڑوں مظاہرین موجود ہیں، جو وہاں سے مرکزی تہران میں واقع آزادی چوک کی طرف مارچ کرنا چاہتے ہیں۔ عینی شاہدوں کے مطابق سکیورٹی فورسز کے بھی سینکڑوں ارکان وہاں تعینات ہیں، جو مظاہرین کے گروپوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اُنہیں منتشر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں میں عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مظاہرین کو منشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی جا رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کو موقع پر جا کر اِن مظاہروں کی رپورٹنگ سے روک دیا گیا ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں