ایرانی سکیورٹی اور بسیج فورسز کے سربراہان ہلاک، اسرائیل
وقت اشاعت 17 مارچ 2026آخری اپ ڈیٹ 17 مارچ 2026
آپ کو یہ جاننا چاہیے
- علی لاریجانی کی ہلاکت ایرانی عوامی بغاوت کی راہ ہموار کر سکتی ہے، نیتن یاہو
- نیٹو اتحادی ایران کے خلاف امریکی کارروائی میں شامل نہیں ہونا چاہتے، ٹرمپ
- فرانس آبنائے ہرمز کھولنے کی فوجی کارروائی میں شامل نہیں ہو گا، ماکروں
- پاکستانی حکومت نے سالانہ یومِ پاکستان پریڈ منسوخ کر دی
- امریکہ کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سربراہ جو کینٹ مستعفی
- مشرق وسطیٰ کی جنگ 45 ملین افراد کو شدید بھوک کا شکار کر سکتی ہے، اقوام متحدہ
- لبنان میں اسرائیلی حملے میں ایک فوجی ہلاک، چار زخمی
- اقوام متحدہ نے ایرانی گرلز اسکول پر مہلک حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا
- دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں، میزائل مار گرایا گیا
- ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری ہلاک
- اسرائیل کے ایران اور لبنان میں مزید حملے
- ایرانی سکیورٹی چیف اور بسیج فورسز کے سربراہان کو ہلاک کر دیا، اسرائیل
- عراق میں امریکی سفارتخانے پر راکٹ اور ڈرون حملے
علی لاریجانی کی ہلاکت ایرانی عوامی بغاوت کی راہ ہموار کر سکتی ہے، نیتن یاہو
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایرانی سکیورٹی کے اعلیٰ عہدیدار علی لاریجانی کی ہلاکت ایران میں حکومت کے خلاف عوامی بغاوت کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
نیتن یاہو نے کہا، "آج صبح ہم نے علی لاریجانی کو ہلاک کیا جو پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ تھے، جو درحقیقت ایران کو چلانے والا ایک گروہ ہے۔"
انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف بغاوت "فوری طور پر نہیں ہو گی اور نہ ہی آسان ہو گی، لیکن اگر ہم اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو ہم ایرانی عوام کو یہ موقع دے سکتے ہیں کہ وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں۔"
ایران کی جانب سے تاحال علی لاریجانی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
نیٹو اتحادی ایران کے خلاف امریکی کارروائی میں شامل نہیں ہونا چاہتے، ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج بروز منگل کہا ہے کہ زیادہ تر نیٹو اتحادیوں نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ وہ ایران میں جاری امریکی فوجی کارروائی میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا، "چونکہ ہمیں فوجی سطح پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اس لیے ہمیں اب نیٹو ممالک کی مدد کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی خواہش۔ ہمیں کبھی اس کی ضرورت نہیں تھی۔"
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا بھی ضرور نہیں۔
فرانس آبنائے ہرمز کھولنے کی فوجی کارروائی میں شامل نہیں ہو گا، ماکروں
فرانس کے صدر ایمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے کسی بھی فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لے گا۔ ان کے اس بیان سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کی تردید ہو گئی، جس کے تحت ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ ان کی ماکروں سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے اتحادیوں کو آبنائے ہرمز کھولنے کے معاملے پر ماکروں کے مؤقف کو "10 میں سے 8 نمبر" دیے تھے، اور اشارہ دیا تھا کہ فرانس امریکی حمایت یافتہ کوششوں میں شامل ہو سکتا ہے۔
ماکروں نے کابینہ اجلاس کے آغاز پر کہا، "ہم اس تنازعے کا حصہ نہیں ہیں، اس لیے موجودہ صورتحال میں فرانس کبھی بھی آبنائے ہرمز کو کھولنے یا آزاد کرانے کی کارروائیوں میں حصہ نہیں لے گا۔"
فرانسیسی حکام کے مطابق فرانس اپنی علیحدہ کوششوں کے تحت ایک ایسا اتحاد بنانے پر کام کر رہا ہے جو سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے بعد آبنائے ہرمز کو محفوظ بنا سکے اور اس میں امریکہ شامل نہ ہو۔
یومِ پاکستان کی پریڈ منسوخ، حکومتی کفایت شعاری اقدامات کا اعلان
پاکستانی حکومت نے آج بروز منگل اعلان کیا ہے کہ خلیجی بحران سے جڑے "کفایت شعاری اقدامات" کے باعث اس سال یومِ پاکستان کی سالانہ پریڈ اور سرکاری تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔
یومِ پاکستان ہر سال 23 مارچ کو منایا جاتا ہے جو سرکاری تعطیل کا دن ہوتا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں پریڈ، فضائی مظاہرے اور ثقافتی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔
تاہم ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے ، ’’خلیجی تیل کے جاری بحران اور اس کے نتیجے میں حکومت کے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات کے تناظر میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یومِ پاکستان کی پریڈ اور متعلقہ تقریبات پیر کے روز منعقد نہیں ہوں گی۔‘‘
وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر کے مطابق اس دن کو اب "وقار اور احترام کے ساتھ ایک سادہ پرچم کشائی تقریب کے ذریعے" منایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ وسیع کفایت شعاری اقدامات کے تحت کیا گیا ہے، جن میں سرکاری ملازمین کے لیے ہفتہ وار کام کے دن چار کرنا، گھر سے کام کی ہدایات نافذ کرنا اور ایندھن کی بچت کے لیے اسکول بند کرنا شامل ہیں۔
پاکستان خلیجی ممالک سے تیل اور گیس پر انحصار کرتا ہے اور مشرق وسطیٰ کے بحران کے دوران ایندھن کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے گزشتہ ہفتے بحری جہازوں کو بحریہ کی سکیورٹی فراہم کی گئی۔
تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ جنگ کے بعد تقریباً 4 ہزار افراد، جن میں طلبہ بھی شامل ہیں، ہمسایہ ملک ایران سے واپس آ چکے ہیں۔
پیر کے روز وزیر خزانہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ مجموعی ذخائر اور طے شدہ درآمدات کے مطابق ملک کے پاس مارچ کے لیے خام تیل اور اہم پیٹرولیم مصنوعات کے "اطمینان بخش ذخائر" موجود ہیں جبکہ اپریل میں بھی فراہمی یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
امریکہ کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سربراہ جو کینٹ مستعفی
امریکہ کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے ایران میں جاری جنگ کے خلاف بطور احتجاج اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
جو کینٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا، "میں ضمیر کی آواز کے خلاف ایران میں جاری جنگ کی حمایت نہیں کر سکتا۔ ایران نے ہمارے ملک کے لیے کوئی فوری خطرہ پیدا نہیں کیا تھا اور واضح ہے کہ یہ جنگ اسرائیل اور اس کی امریکہ میں موجود طاقتور لابی کے دباؤ پر شروع کی گئی۔"
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گیبارڈ کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے "باعث اعزاز" رہا۔
اپنے استعفے میں جو انہوں نے صدر ٹرمپ کو ارسال کیا، جو کینٹ نے کہا، "مجھے امید ہے کہ آپ ایران میں ہماری کارروائیوں اور ان کے مقاصد پر غور کریں گے۔ آپ کے پاس موقع ہے کہ آپ پالیسی تبدیل کریں اور ملک کے لیے نیا راستہ اختیار کریں یا ہمیں مزید زوال اور انتشار کی طرف جانے دیں۔ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔"
جو کینٹ تلسی گیبارڈ کے قریبی ساتھی رہے ہیں اور اس سے قبل ان کے قائم مقام چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
تلسی گیبارڈ ماضی میں رجیم چینج سے جڑی جنگوں کی مخالفت کرتی رہی ہیں اور 2020ء میں صدارتی انتخاب کی ناکام مہم کے دوران اس موضوع کو اپنے منشور کا اہم حصہ بنایا تھا۔
مشرق وسطیٰ کی جنگ 45 ملین افراد کو شدید بھوک کا شکار کر سکتی ہے، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے منگل کو خبردار کیا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ کی جنگ جون تک جاری رہی تو دنیا میں مزید 45 ملین افراد شدید بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں، جس سے عالمی سطح پر بھوک کی صورتحال "انتہائی خطرناک" حد تک پہنچ جائے گی۔
اب تک تین ہفتوں سے جاری اس جنگ میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک کے خلاف جوابی حملے کیے ہیں جبکہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان محاذ کھل گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے نائب ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارل اسکاؤ نے جنیوا میں پریس کانفرنس میں کہا، "اگر مشرق وسطیٰ کا تنازعہ جون تک جاری رہا تو قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مزید 45 ملین افراد شدید بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں۔"
انہوں نے کہا، "یہ عالمی بھوک کی سطح کو ریکارڈ حد تک لے جائے گا، اور یہ ایک انتہائی خطرناک منظر نامہ ہے۔" موجودہ وقت میں 319 ملین لوگ شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، جو پہلے ہی ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔
اسکاؤ نے کہا کہ عالمی خوراک پروگرام پہلے ہی 28 فروری کو جنگ کے آغاز سے قبل "ایک مثالی بحران" کا سامنا کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا، ’’بھوک کبھی اتنی شدید نہیں رہی جتنی اب ہے۔" اس کی وجوہات شدید موسمی حالات، تنازعات اور بعض علاقوں میں قحط کی صورتحال ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وسائل 2023 اور 2024 کی سطح سے نمایاں طور پر کم ہو گئے ہیں۔ عملے کی کمی اور کام کے طریقہ کار میں سادگی لانے کے بعد، "ہم بنیادی طور پر اپنی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔"
اسکاؤ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ عالمی ادارہ برائے خوراک کے کام کو "بہت زیادہ مہنگا" کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایجنسی رسد کے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن اس کے آپریٹنگ اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے، خاص طور پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور لمبے راستوں کی وجہ سے۔
لبنان میں اسرائیلی حملے میں ایک فوجی ہلاک، چار زخمی
لبنانی فوج نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی حملے میں اس کا ایک فوجی ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔ اس فوجی کی ہلاکت شدید زخمی ہونے کے نتیجے میں ہوئی۔
فوج کے مطابق حملہ ناباتیہ شہر کے قریب ہوا۔ جب حملہ کیا گیا تو یہ لبنانی فوجی ایک کار اور ایک موٹرسائیکل پر سوار تھے اور فوجی وردیاں پہنے ہوئے تھے۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اسرائیل اس وقت لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ شیعہ گروپ حزب اللہ کے خلاف فضائی حملے اور "محدود" زمینی کارروائی کر رہا ہے۔
حزب اللہ ایک سیاسی جماعت اور نیم فوجی تنظیم ہے جسے اسرائیل اور کئی دیگر ممالک دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہیں۔ حزب اللہ 1982ء میں لبنان کی خانہ جنگی کے دوران ابھری اور اسے ایرانی پاسداران انقلاب نے سازوسامان فراہم کیا اور تربیت دی۔
لبنانی فوج حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعے میں فعال فریق نہیں ہے۔
اقوام متحدہ نے ایرانی گرلز اسکول پر مہلک حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا
اقوام متحدہ کے ایک تحقیقاتی ادارے نے امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے پہلے دن یعنی اٹھائیس فروری کو ایک پرائمری اسکول کو نشانہ بنائے جانے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس بات کی تصدیق ادارے کے ایک رکن نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو میں کی۔ جنیوا میں ایرانی حکام نے پیر کو بتایا کہ اٹھائیس فروری کو شجرہ طیبہ اسکول پر دو میزائل تیزی سے یکے بعد دیگرے گرے جس کے نتیجے میں 168 بچے ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر کم سن طالبات تھیں۔ روئٹرز نے پانچ مارچ کو رپورٹ کیا تھا کہ امریکی فوجی تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ اس حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر امریکی افواج کا ہاتھ ہے تاہم ابھی تک کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا اور تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں۔ پینٹاگون نے اس کے بعد تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے ایران کے رکن میکس ڈو پلیسس نے جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم ان تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے ہلاکتوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے قابل اعتماد رپورٹس موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ اس نوعیت کے واقعے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع کے پیش نظر مکمل تحقیقات ناگزیر ہیں اور اس کا آزادانہ نتیجہ سامنے آنا چاہیے۔
اگر امریکی ذمہ داری ثابت ہو جاتی ہے تو یہ واقعہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران شہری ہلاکتوں کے بدترین واقعات میں شمار ہو سکتا ہے۔
دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں، میزائل مار گرایا گیا
منگل کے روز دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب قطر نے ایران کی بڑھتی ہوئی جوابی کارروائیوں کے دوران ایک میزائل حملہ ناکام بنانے کا اعلان کیا۔قطر کی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مسلح افواج نے ریاست قطر کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔ اس واقعے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ واقعہ ایک روز قبل دوحہ میں ہونے والے اسی نوعیت کے متعدد دھماکوں کے بعد پیش آیا ہے اور ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کی جانب سے خلیجی ممالک کو ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافے کا سامنا ہے۔
ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری ہلاک
اماراتی حکام کے مطابق منگل کو ابوظہبی میں مار گرائے گئے میزائل کے ملبے کے باعث ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گیا۔ ابوظہبی میڈیا آفس نے بتایا کہ یہ واقعہ بنی یاس کے علاقے میں پیش آیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فضائی دفاعی نظام نے ایک بیلسٹک میزائل کو مار گرایا جس کے بعد یہ حادثہ پیش آیا۔ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اور تہران کی جوابی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے متحدہ عرب امارات میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ منگل کو پیش آنے والا یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں کے باعث متحدہ عرب امارات نے مختصر وقت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔
اسرائیل کے ایران اور لبنان میں مزید حملے
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے تہران میں ایرانی حکومت کے اہداف کے خلاف وسیع پیمانے پر حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اپنے سرکاری ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ کے خلاف بھی حملوں کی تصدیق کی۔
لبنانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک رہائشی عمارت پر کیے گئے جو حزب اللہ کا گڑھ سمجھی جاتی ہے۔
اسرائیل نے یہ بھی کہا کہ علی الصبح تہران کی جانب سے تل ابیب پر دو میزائل حملے کیے گئے جبکہ حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقوں کی طرف ڈرون اور راکٹ بھی داغے۔
اسرائیل کا ایرانی سکیورٹی سربراہ علی لاریجانی اور بسیج فورسز کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے آج بروز منگل دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سکیورٹی سربراہ علی لاریجانی اور پاسداران انقلاب کی رضاکار بسیج فورس کے سربراہ جنرل غلام رضا سلیمانی کو پیر کی رات کیے گئے فضائی حملوں میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ایران کی جانب سے اس ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی بلکہ ایرانی سرکاری میڈیا نے علی لاریجانی کے زندہ ہونے کے ثبوت کے طور پر مبینہ طور پر لاریجانی کے ہاتھ سے لکھے ہوئے نوٹس شائع کیے ہیں۔
ایران کی جوہری حکمتِ عملی کے مرکزی معمار لاریجانی جینوا مذاکرات کے کلیدی کردار
کاٹز کا کہنا تھا کہ انہیں پیر کی شب ایک حملے میں ہلاک کیا گیا۔ علی لاریجانی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری تھے اور اٹھائیس فروری کو تہران پر اسرائیلی فضائی حملے میں سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور دیگر اہم فوجی اور سول عہدیداروں کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور اسرائیل کی مزمت کرنے اور انہیں دھمکی آمیز پیغامات دینے کے حوالے سے کافی سرگرم تھے۔
اگر ان ہلاکتوں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ 28 فروری کو کیے گئے حملے میں 86 سالہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر اہم حکومتی عہدیداروں کے بعد سے اب تک ایرانی قیادت کو پہنچنے والا سب سے بڑا نقصان ہو سکتی ہیں۔
ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا، ’’بسیج فورسز ایرانی دہشت گردی کے مسلح نظام کا حصہ ہیں۔ ایران میں داخلی مظاہروں کے دوران، خاص طور پر حالیہ مہینوں میں جب مظاہرے شدت اختیار کر گئے، سلیمانی کی قیادت میں بسیج فورسز نے مظاہرین کے خلاف سخت تشدد، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں اور طاقت کے استعمال کے ذریعے احتجاج کچلنے کی کارروائیاں کیں۔"
سلیمانی کی ہلاکت بسیج کی کمان اور کنٹرول کو مزید کمزور کر سکتی ہے، جو مذہبی قیادت کے خلاف کسی بھی بغاوت کو دبانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اب تک بسیج اور دیگر داخلی سکیورٹی فورسز کو امریکی اور اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
عراق میں امریکی سفارتخانے پر راکٹ اور ڈرون حملے
عراقی سکیورٹی ذرائع کے مطابق آج منگل کی صبح بغداد میں امریکی سفارتخانے کو راکٹوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
حکام نے بتایا کہ عراق کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ڈرونز اور راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، تاہم کچھ دھماکوں کے ٹکڑے سفارتخانے کے احاطے میں گرے جس سے ایک زور دار دھماکا ہوا اور دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر ایک علیحدہ حملے میں بغداد کے علاقے الجادریہ میں واقع سخت حفاظتی انتظامات والے صدارتی کمپاؤنڈ کے اندر ایک گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے ایران سے منسلک عراقی مسلح گروہوں کا ہاتھ ہونے کا شبہ ہے، جو ماضی میں بھی عراق میں امریکی مفادات کو بارہا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
ادارت: عاطف توقیر