1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستایران

ایران میں مظاہروں میں امریکہ اور اسرائیل ملوث، علی خامنہ ای

3 اکتوبر 2022

ایرانی سپریم لیڈر نے ملک میں کئی ہفتوں سے جاری پرتشدد مظاہروں سے متعلق اپنی خاموشی توڑتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان مظاہروں کے شرکاء کو ’نظم و ضبط‘ کا پابند بنائیں۔ ان مظاہروں میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Hh3p
Iran Ayatollah Ali Khamenei
تصویر: WANA NEWS AGENCY/via REUTERS

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے عوامی سطح پر ایران میں گزشتہ کئی برسوں کے دوران ہونے والے سب سے شدید اور وسیع مظاہروں پر رد عمل میں اپنی کئی ہفتوں کی خاموشی توڑتے ہوئے ان مظاہروں کو 'فسادات‘ قرار دے کر ان کی مذمت کی اور امریکہ اور اسرائیل پر ان مظاہروں کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا۔

ایران: حجاب مخالف مظاہروں اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ

ایران کی اخلاقی امور کی پولیس کی حراست میں ایک نوجوان خاتون کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والی بدامنی حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کی کوششوں کے باوجود تین ہفتوں سے جاری ہے۔ پیر تین اکتوبر کے روز طالب علموں اور پولیس کے درمیان گھنٹوں تک جاری رہنے والی محاذ آرائی کے بعد ملک کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی یونیورسٹی بند کر دی گئی۔

Iran | Proteste nach dem Tod von Mahsa Amini
پولیس اور مظاہرین کے درمیان تین ہفتوں سے جاری تصادم میں اب تک 41 افراد مارے جا چکے ہیںتصویر: EPA-EFE

یہ یونیورسٹی پولیس اور نوجوانوں کے درمیان کشیدگی کا تازہ ترین میدان بن گئی تھی  اور پھر وہاں جاری احتجاج  اس ادارے کی بندش اور سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتاری پر منتج ہوا۔

پیر کے روز تہران میں زیر تربیت پولیس اہلکاروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے خامنہ ای نے کہا کہ وہ پولیس حراست میں 22 سالہ کرد نژاد ایرانی شہری مھسا امینی کی ہلاکت پر'دل برداشتہ‘ ہیں اور اسے ایک 'افسوسناک واقعہ‘ قرار دیتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ان مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کو غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ''یہ فساد منصوبہ بندی کے تحت تھا۔ تہران میں ان فسادات اور عدم استحکام کو امریکہ اور صیہونی حکومت اور ان کے ملازمین نے تیار کیا تھا۔‘‘

دریں اثنا تہران میں شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کی شام کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی ہنگامہ آرائی کے بعد اگلے نوٹس تک صرف ڈاکٹریٹ کے طالب علموں کو ہی کیمپس میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس ضمن میں عینی شاہدین کا کہناتھا کہ حکومت مخالف مظاہرین  اور سخت گیر اسٹیبلشمنٹ کے حامی طالب علموں کے مابین جھڑپیں ہوئی تھیں۔

Iran| Proteste in Teheran gegen den Tod von Mahsa Amini
ایران میں جاری مظاہروں کو برسوں میں تہران حکومت کے لیے ایک بڑا اندرونی چیلنج قرار دیا جا رہا ہےتصویر: SalamPix/ABACA/picture alliance

ایران میں اس تازہ ترین احتجاجی تحریک نے ملک میں حالیہ برسوں میں دیکھی گئی سب سے وسیع بدامنی کو جنم دیا ہے۔ یہ تحریک ایران کے سخت اسلامی ڈریس کوڈ کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کرنے کے الزام میں مھسا امینی کی گرفتاری  اور پھر دوران حراست ان کی موت کے ردعمل میں سامنے آئی۔ تاہم اب یہ احتجاج ایرانی قیادت کے لیے ایک کھلا چیلنج بن گیا ہے ، جس میں'ڈکٹیٹر، مردہ باد‘ کے نعرے رات کو اندھیرا ہو جانے کے بعد بھی گلیوں اور گھروں کی بالکونیوں سے گونجتے رہتے ہیں۔

خامنہ ای نے پیر کے روز اپنے بیان میں مظاہرین کی جانب سے حجاب اتارنے، مساجد، بینکوں اور پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے مناظر کی مذمت کرتے ہوئے کہا، ''ایسے اقدامات معمول کے مطابق نہیں اور غیر فطری ہیں۔‘‘ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 41  تک ہو سکتی ہے۔ تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ بتائی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نےان مظاہروں کے دوران اموات کی تعداد 52 بتائی ہے، جن میں پانچ خواتین اور اتنی ہی تعداد میں بچے بھی شامل تھے۔

USA | Proteste in Washington gegen den Tod von Mahsa Amini
نوجوان مھسا امینی کی اخلاقی پولیس کی حراست میں ہلاکت کے بعد ہونے والے مظاہروں نے ایران بھر کو لپیٹ میں کے رکھا ہےتصویر: Cliff Owen/AP Photo/picture alliance

اس کے ساتھ ساتھ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور مقامی حکام نے کم از کم 1500 گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے مظاہروں کی حمایت میں آواز بلند کرنے والے  درجنوں فنکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو  بھی حراست میں لے رکھا ہے۔  ساتھ ہی درجنوں صحافیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اتوار کے روز حکام نے تہران کے ایک اقتصادی جریدے کے رپورٹر البروز نظامی کو گرفتار کیا تھا۔

سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک کو 'سبوتاژ‘ کرنے کے لیے بدامنی پھیلانے والے سخت قانونی چارہ جوئی اور سزا کے مستحق ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ وہ نوجوان جو انٹرنیٹ پر کسی چیز کو دیکھنے کے بعد جوش و خروش سے سڑکوں پر نکل آتے ہیں، انہیں 'نظم و ضبط‘ کا پابند بنایا جانا چاہیے۔

ش ر ⁄  م م (اے پی)

ایران میں احتجاجی مظاہروں کی موبائل ویڈیو