1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایجبسٹن ٹیسٹ: پاکستان کا اچھا کم بیک

9 اگست 2010

پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 112رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ ایجبسٹن میں جاری اس ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کا سکور نو کھلاڑیوں کے نقصان پر291 ہے۔

https://p.dw.com/p/Of99
تصویر: ap

مہمان ٹیم کو نئے وکٹ کیپر بیٹسمین ذوالقرنین حیدر کی شاندار کارکردگی سے سہارا ملا۔

ایجبسٹن ٹیسٹ کے تیسرے دِن کے اختتام پر پاکستان کی مجموعی کارکردگی کو کئی حلقوں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اب تک کی پرفارمنس سے پہلی اننگز کی ناقص کارکردگی کا کچھ مداوا تو ہوا ہے۔

پاکستانی ٹیم اس سے بھی کہیں زیادہ بہتر پوزیشن میں ہو سکتی تھی، لیکن انگلش آف سپنر گریم سوان نے دن کے اختتام سے کچھ دیر قبل ہی ذوالقرنین کی وکٹ حاصل کر لی۔ سوان بھی زبردست پرفارمنس دکھا رہے ہیں، پاکستان کی دوسری اننگز میں وہ 36 اوورز میں 60 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان میں سے 20 اوورز میڈن ہیں۔ کسی ایک اننگز میں سوان کی جانب سے یہ اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے 2009ء میں ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں 54 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

Matt Prior Andrew Strauss
انگلینڈ پاکستان کے خلاف پہلا میچ جیت چکا ہےتصویر: AP

سوان 22 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور انہوں نے اپنے کیریئر میں آٹھ مرتبہ پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 72 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی، جو انگلینڈ کے خلاف اس کا اب تک کا کم ترین مجموعی سکور ہے۔ اس ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہی پاکستانی ٹیم کی اتوار کی پرفارمنس نے سب کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔

حالیہ ٹیسٹ کے تیسرے روز ذوالقرنین حیدر اور سعید اجمل نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے۔ سعید اجمل نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 82 رنز کے عوض میزبان ٹیم کی پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ نصف سنچری بھی بنائی۔ تاہم دن کے اختتام سے کچھ دیر قبل وہ کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یہ گیند گریم سوان نے پھینکی جبکہ کیچ پال کولنگ وڈ کے ہاتھ لگا۔

نئے وکٹ کیپر ذوالقرنین ساڑھے چار گھنٹے کریز پر رہے اور انہوں نے 200 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15 چوکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے۔

پاکستانی فاسٹ بولر عمر گُل ہفتہ کے کھیل کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے باعث انہوں نے اتوار کو ایک رنر کی مدد سے بیٹنگ کی۔ تیسرے دن کے اختتام پر وہ نو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ان کے ساتھ محمد آصف 13رنز کے ساتھ کریز پرموجود ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں