1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اپنی غلطی کورونا کے سر: ’اب آٹا لینے کوئی اور ہی جائے گا‘

31 مارچ 2020

جرمنی میں پولیس نے ایک شہر کے اندر مقررہ حد سے دگنی رفتار سے ڈرائیونگ کرنے والے ایک ڈرائیور کو پکڑا تو اس نے اپنے جرم کی ذمے داری کورونا بحران کی سر ڈالتے ہوئے کورونا وائرس کو ہی اپنے جرم کی وجہ قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/3aGaj
تصویر: picture-alliance/Photoshot

جرمنی کے مغربی شہر لیُوڈن شائڈ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق منگل اکتیس مارچ کے روز ایک مقامی پیزا ریستوراں کا نانبائی ڈرائیونگ کرتے ہوئے شہر کے ایک ایسے علاقے سے گزر رہا تھا، جہاں حد رفتار پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ لیکن اس ڈرائیور کی گاڑی کی رفتار پچانوے کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جسے پولیس کی قریب ہی موجود اور اسپیڈ ریڈار سے لیس ایک گاڑی نے ریکارڈ بھی کر لیا تھا۔

برلن میں کھانے کی ہوم ڈلیوری کے رجحان میں اضافہ

اتنی زیادہ تیز رفتاری پر پولیس نے فوراﹰ ہی پیچھا کر کے اس ڈرائیور کو روک لیا۔ جب اس سے مقررہ سے تقریباﹰ دو گنا رفتار سے ڈرائیونگ کرنے کی وجہ پوچھی گئی، تو اس نے بتایا، ''قصور میرا نہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کا ہے۔‘‘

پولیس اہلکار جب اس ڈرائیور کا یہ موقف سمجھنے میں ناکام رہے، تو اس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، ''میں عام طور پر مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ نہیں کرتا۔ لیکن میرے ریستوراں میں وہ آٹا ختم ہو گیا ہے، جس سے ہم پیزا بناتے ہیں۔ میں جلدی میں ایک ہول سیل سپر مارکیٹ جا رہا ہوں تاکہ مارکیٹ بند ہونے سے قبل آٹا خرید سکوں۔‘‘

لیُوڈن شائڈ پولیس نے بتایا کہ اس پر موقع پر موجود اہلکاروں نے پہلے اس ڈرائیور کو 200 یورو (219 ڈالر کے برابر) جرمانہ کیا اور ساتھ ہی ایک ماہ کے لیے اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کر دیا۔ پولیس کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس ملزم کو، جس کا نام اس کے نجی کوائف کی حفاظت کی پیش نظر ظاہر نہیں کیا گیا، جرمانے اور ایک ماہ کے لیے ڈرائیونگ کی ممانعت کی قانونی رسید دیتے ہوئے یہ بھی بتا دیا گیا، ''اب ایک ماہ تک آٹا لینے کوئی اور ہی جائے گا۔‘‘

م م / ا ا (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں