1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی میں  مہاجرین کی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ

انفومائگرینٹس
2 مئی 2018

ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی میں چھوٹے کاروبار کے مالک تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد اب اطالوی بینکوں کی صارف بن رہی ہے۔ اس درجہ بندی میں پہلے نمبر پر چینی تارکین وطن ہیں۔

https://p.dw.com/p/2x3Ng
Migranten - Chinesen in Italien
تصویر: DWS. Ma

چینی مہاجرین کے علاوہ بنگلہ دیش اور سینی گال سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کاروباری افراد بھی اطالوی بینکوں میں اپنے کھاتے کھلوا رہے ہیں۔

یورپ میں مہاجرین کے حوالے سے خبریں دینے والے ادارے انفو مائیگرینٹس کے مطابق ملکی معاشیات میں مہاجرین کی شمولیت پر اٹلی کے سرکاری نگراں ادارے کی چھٹی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیکنگ اکاؤنٹ کے حامل تارکین وطن افراد کی تعداد جو سن 2010 میں قریب چوہتر ہزار تھی، سن 2016 میں ایک لاکھ پچاس ہزار ہو گئی تھی۔ سن 2015 اور سن 2016  کے درمیان تعداد میں یہ اضافہ اکیس فیصد رہا۔

کاروبار کرنے والے بنگلہ دیشیوں کی تعداد میں اضافہ

رپورٹ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ تارکین وطن کے ایسے کھاتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے جو عرصہ پانچ سال سے زائد مدت سے کھلے ہوئے ہیں۔ یہ ملکی مالیاتی شعبے کے ساتھ ان مہاجرین کے مستحکم تعلقات کے انڈیکس کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اشاریہ جو سن 2010 میں سولہ فیصد تھا، سن 2016 میں پچاس فیصد ہو گیا۔

اطالوی وزارت داخلہ اور ملکی بینکنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے بننے والے مانیٹرنگ ادارے کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کاروباری کھاتوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران بنگلہ دیش سے آنے والے مہاجرین کے اکاؤنٹس میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

نشوو نما میں خواتین کا کردار

رپورٹ کے مطابق ایشیائی تارکین وطن کاروباری افراد جن میں انیس اعشاریہ نو فیصد چینی باشندے، اور قریب سات سات فیصد بنگلہ دیشی اور پاکستانی شہری شامل ہیں، بینکوں کے صارفین ہونے کے حوالے سے کافی متحرک نظر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ مصری باشندوں کی تعداد بھی آٹھ اعشاریہ چھ فیصد ہے۔

 علاوہ ازیں تجارت میں خواتین تارکین وطن کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سن دو ہزار سولہ میں چھوٹے کاروبار  کے حامل تارکین وطن کے بینکوں میں کُل کھاتوں میں سے تینتیس فیصد کھاتے کاروباری مہاجر خواتین کے تھے۔