1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی میں موٹروے پل کا انہدام، متعدد افراد ہلاک

14 اگست 2018

اٹلی میں ایک موٹر وے پر قائم پل کے انہدام کے واقعے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/3393w
Italien Autobahnbrücke in Genua eingestürzt
تصویر: picture alliance/dpa/L. Zennaro

اطالوی بندرگاہی  شہر جینووا کے قریب ایک موٹر وے پر قائم ایک پل منہدم ہو جانے کے واقعے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ مقامی ایمبولنس سروس کے مطابق اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد درجنوں میں ہو سکتی ہے، جب کہ اطالوی وزیرِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک ’بڑا سانحہ‘ معلوم ہو رہا ہے۔

کولکتہ، منہدم پُل تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری

’معجزہ‘: سترہ روز بعد ملبے سے زندہ خاتون برآمد

منگل کے روز یہ پل مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے گیارہ بجے  منہدم ہوا اور وقت وہاں بارش جاری تھی۔ مقامی پولیس کے مطابق اس پل کے انہدام کی وجہ سے بیس گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں، جب کہ دس افرادکی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اطالوی ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے مناظر میں اس پل کے منہدم حصے اور ملبے کے ٹکڑے جگہ جگہ بکھرئے نظر آتے ہیں۔ یہ پل اطالوی موٹر وے A10 پر قائم تھا اور سن 60 کی دہائی میں تعمیر کیا گیا تھا۔

مقامی حکام کے مطابق اس پل کی سن 2016ء میں مرمت اور توسیع کا شروع کیا گیا تھا۔  کہا جا رہا ہے کہ انہدام کے وقت اس پل کی بنیادوں پر کام جاری تھی، جب کہ اس پل کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی تھی۔ یہ بات اہم ہے کہ یہ موٹر وے فرانسیسی جنوبی ساحلی علاقوں اور اٹلی کے درمیان اہم ترین سڑک ہے۔

ایک عینی شاہد نے سکائی اطالیا ٹی وی سے بات چیت میں کہا، ’’میں نے آٹھ یا نو گاڑیوں کو اس پل پر سے نیچے گرتے دیکھا۔ یہ ایک تباہ کن منظر تھا۔‘‘ اطالوی ٹرانسپورٹ وزیر دانیلو تونینیلی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے، ’’ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک بڑا سانحہ ہے۔‘‘

ع ت، ع ب (روئٹرز، اے ایف پی)