1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اُسامہ کو مارنے کا ارادہ، حب الوطنی یا دیوانگی؟

17 جون 2010

پاکستانی تفتیش کار اُس امریکی شہری کی نفسیاتی جانچ کرانے کے بارے میں سوچ بچار کر رہے ہیں، جو القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ڈھونڈ نکالنے کے بعد ہلاک کرنے کے ارادے سے پاکستان گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/Ns4I
اسامہ ہَنٹر گیری بروکس فالکنرتصویر: AP

گیری بروکس فالکنر نامی اس امریکی شہری کو پیر کے روز شمالی پاکستان کی وادیء چترال سے گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کاروں کے مطابق یہ امریکی باشندہ ایک پستول، ایک چھری، ایک تلوار اور ایک نائٹ وژن چشمے سے لیس تھا اور اس کا ارادہ اسامہ بن لادن کو تلاش کرکے اسے قتل کرنا تھا۔

Osama Bin Laden neue Internetbotschaft, englische Überschrift
اسامہ بن لادن پر پچیس ملین امریکی ڈالرز کی خطیر رقم کا انعام ہےتصویر: AP

پچاس سالہ کنسٹرکشن ورکر گیری فالکنر کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے بتایا جاتا ہے۔ فالکنر ہتھیاروں سمیت امریکہ سے پاکستان کی چترال وادی پہنچنے میں کیسے کامیاب ہوا، اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔ اس وقت تفتیش کار مسٹر فالکنر سے پاکستانی شہر پشاور میں پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

پاکستانی خفیہ ادارے کے ایک اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ امریکی شہری فالکنر سے بہت سارے سوالات پوچھے جا رہے ہیں۔’’تلوار اور چھری جیسے ہتھیاروں سے اسامہ بن لادن کو مارنا کیسے ممکن ہے۔‘ زیر حراست اس امریکی شہری کو یہ بھی بتایا جا رہا کہ اسامہ کو ایسے ہتھیاروں سے مارنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں ہے۔‘‘ اس تفتیش کار نے مزید بتایا کہ پستول اور تلوار اپنے ساتھ رکھنا واقعی ایک جرم ہے لیکن اس کے علاوہ بھی فالکنر سے کئی معاملات میں وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔’’ہم یہ بھی کوشش کریں گے کہ ایک نفسیاتی ماہر مسٹر فالکنر کی پوری طرح سے جانچ پڑتال کرے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ کہیں ماضی میں یہ شخص نفسیاتی مسائل کا شکار تو نہیں رہا ہے۔‘‘

Kisses for Bin Laden
بن لادن کا ایک حامی القاعدہ رہنما کے پوسٹر کو بوسہ دیتے ہوئےتصویر: AP

پولیس افسر ممتاز احمد خان نے گرفتار امریکی شخص کے بارے میں کہا کہ اس کے لمبے بال ہیں اور داڑھی ہے اور بظاہر لگتا ہےکہ وہ ’بوکھلاہٹ‘ کا شکار ہے۔ خان کے مطابق فالکنر ہائی بلڈ پریشر یعنی بلند فشار خون کے ساتھ ساتھ گردے کی تکلیف میں بھی مبتلا ہے۔’’فالکنر کو ڈاکٹر کی ضرورت تو ہے۔‘‘

Growing Up Bin Laden von Najwa Bin Laden
القاعدہ چیف بن لادن پر کتاب

ادھر امریکہ میں فالکنر کے بھائی سکاٹ فالکنر نے ’سی این این‘ کو بتایا کہ اس کا بھائی نہ تو دیوانہ ہے اور نہ ہی کسی دماغی مرض میں مبتلا ہے۔ سکاٹ فالکنر کے مطابق گیری فالکنر ایک محب وطن اور خدا پر یقین کرنے والا شخص ہے۔’’میرا بھائی پچیس ملین ڈالر کی رقم حاصل کرنے کے لئے اسامہ کو مارنے نہیں نکلا ہے۔ وہ اپنے وطن سے محبت کے جذبے اور خدا پر پختہ یقین لئے اس مشن پر تھا۔‘‘ سکاٹ فالکنر نے مزید کہا کہ گیری فالکنر کو گیارہ ستمبر کے حملوں سے بہت صدمہ پہنچا تھا اور اسے اسامہ کی جانب سے ’عیسائیت کے خلاف بیانات‘ پر بھی غصہ تھا۔

پاکستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ گیری فالکنر ایک سیاح کی حیثیت سے تین جون کو چترال پہنچا، وہاں کے ایک مقامی ہوٹل میں ٹھہرا، اسے روایتی سیکیورٹی بھی دی گئی لیکن پھر وہ اچانک غائب ہوگیا۔

دریں اثناء پاکستان میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ قونصل حکام پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں تاکہ ان کی گیری فالکنر تک رسائی ممکن ہو سکے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں