1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اُسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری پاکستان میں: CNN

18 اکتوبر 2010

امریکی ٹیلی وژن چینل سی این این نے نیٹو کے ایک سرکردہ عہدیدار کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے قائد اُسامہ بن لادن اور اِس تنظیم کے نائب سربراہ ایمن الظواہری پاکستان میں رہ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PgZk
القاعدہ چیف اُسامہ بن لادنتصویر: AP

اِس عہدیدار نے امریکی ٹی وی چینل کو بتایا کہ القاعدہ کے یہ دونوں سربراہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں ایک دوسرے کے قریب واقع دو الگ الگ مکانوں میں چھپے ہوئے ہیں اور ایسا نہیں ہے کہ وہ ’کسی غار میں رہ رہے ہوں۔‘

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ کی قیادت کافی حد تک آرام دہ زندگی بسر کر رہی ہے اور یہ کہ پاکستانی خفیہ اداروں کے کچھ ارکان کے ساتھ ساتھ مقامی باشندے بھی اُن کی حفاظت کر رہے ہیں۔ پاکستانی حکومت اِس طرح کی رپورٹوں کی بار بار تردید کرتی رہی ہے۔

Al-Kaida-Vize Aiman al-Sawahiri greift Papst und Bush in Internet-Video an
امریکہ نے القاعدہ کے نائب سربراہ ایمن الظاہری کے سر کی قیمت بھی پچیس ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہےتصویر: AP

گیارہ ستمبر 2001ء کے دہشت پسندانہ حملوں کے اصل ذمہ دار تصور کئے جانے والے سعودی شہری اُسامہ بن لادن، جن کے سر کی قیمت امریکہ نے 25 ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے، گزشتہ نو برسوں سے رُوپوش ہیں۔ سی این این کی وَیب سائٹ پر جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق ’نیٹو کے سرکردہ عہدیدار نے اِس امریکی مفروضے کی بھی تصدیق کی ہے کہ طالبان کے قائد ملا عمر گزشتہ کئی ماہ کے دوران پاکستان میں کوئٹہ اور کراچی کے درمیان آتے جاتے رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیٹو کے اِس عہدیدار کا، جو افغانستان میں جاری فوجی کارروائی میں براہِ راست شریک ہے، نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ معاملہ بہت ہی حساس ہے۔

افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کو افغان، پاکستانی اور عرب عسکریت پسندوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہ بات گزشتہ کئی برسوں سے کہی جاتی رہی ہے کہ اُسامہ بن لادن ممکنہ طور پر یہیں چھپے ہوئے ہیں۔ 2001ء کے اواخر میں اُسامہ بن لادن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ افغانستان کے تورا بورا نامی علاقے میں موجود ہیں تاہم اِس علاقے میں امریکی فوج کی کارروائی کے بعد سے یہ سمجھا جاتا رہا ہے کہ وہ وہاں سے فرار ہو کر سرحد پار پاکستان میں رُوپوش ہو گئے تھے۔

Mike Mullen
ایڈ مرل مائیک مولن کو یقین ہے کہ کبھی نہ کبھی القاعدہ کے دونوں سرکردہ قائدین کو گرفتار کر لیا جائے گا یا ہلاک کر دیا جائے گاتصویر: picture-alliance/ dpa

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتہائی شمال مغربی پاکستانی علاقے چِترال سے لے کر افغان علاقے تورا بورا سے ملحقہ کرم وادی تک القاعدہ کے چوٹی کے دونوں رہنما گزشتہ کچھ برسوں کے دوران کئی سو مربع کلومیٹر کے علاقے میں نقل و حرکت کرتے رہے ہیں۔

امریکی جوائٹ چیفس آف سٹاف مائیک مولن نے رواں مہینے کے آغاز پر اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اُسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری کو کسی نہ کسی وقت ضرور یا تو پکڑ لیا جائے گا یا ہلاک کر دیا جائے گا اور یہ کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ایک بڑی کامیابی ہو گی۔ امریکہ نے مصر سے تعلق رکھنے والے ایمن الظواہری کے سر کی قیمت بھی 25 ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے۔

رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں