1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کے کتے پر ’بری نظر‘ رکھنے والا شخص گرفتار

امجد علی9 جنوری 2016

واشنگٹن میں حکام نے بتایا ہے کہ اُنہوں نے ریاست نارتھ ڈیکوٹا سے تعلق رکھنے والے اُس شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جو مبینہ طور پر اس نیت کے ساتھ دارالحکومت واشنگٹن پہنچا تھا کہ وہ صدر باراک اوباما کے ایک کتے کو اغوا کر سکے۔

https://p.dw.com/p/1HaeI
Familie Obama mit Hund Bo
امریکی صدر باراک اوباما اپنی اہلیہ اور دونوں بیٹیوں کے ہمراہ چَودہ اپریل 2009ء کو تحفے میں ملنے والے کتے ’بو‘ کو خوش آمدید کہہ رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

واشنگٹن ڈی سی کی سُپیریئر کورٹ کی دستاویزات کے مطابق امریکی خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے ریاست نارتھ ڈیکوٹا کے شہر ڈکنسن سے تعلق رکھنے والے سکاٹ ڈی سٹاکرٹ نامی اس شخص سے واشنگٹن کے ایک ہوٹل میں ملاقات کی اور اُس سے بات چیت کی۔ اس سے پہلے ان اہلکاروں کو یہ خبر ملی تھی کہ یہ شخص اوباما فیملی کے ایک پالتو کتے کو اغوا کرنے کی نیت سے دارالحکومت آ رہا ہے۔

Bo Obama Hund
یہ ہے "Bo"، جو 2009ء میں اوباما فیملی کو میساچوسٹس کے اُس وقت کے گورنر ٹَیڈ کینیڈی کی جانب سے تحفے کے طور پر دیا گیا تھاتصویر: ap

اوباما فیملی کے پاس دو کتے ہیں، جنہیں پرتگیزی ’واٹر ڈاگز‘ کہا جاتا ہے۔ ان میں سے ایک کا نام ’بو‘ ہے اور دوسرے کا ’سَنی‘۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ شخص غالباً "Bo" کو اغوا کرنا چاہتا تھا، جو 2009ء میں اوباما فیملی کو میساچوسٹس کے اُس وقت کے گورنر ٹَیڈ کینیڈی کی جانب سے تحفے کے طور پر دیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ اُنچاس سالہ سکاٹ ڈی سٹاکرٹ کو گزشتہ بدھ کے روز گرفتار کیا گیا تھا، جب اُس کے قبضے سے ہتھیار برآمد ہوئے تھے۔ خفیہ ادارے کے اہلکاروں کے پوچھنے پر اس شخص نے بتایا تھا کہ ہاں اُس کے پاس ہتھیار ہیں۔ اس کے بعد اُس کی گاڑی کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے ایک شاٹ گن اور ایک رائفل کے ساتھ ساتھ ایک خنجر اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

اس شخص کے پاس اسلحے کا لائسنس نہیں تھا اور اُسے ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے اُن قوانین کے تحت گرفتار کر لیا گیا، جس کی رُو سے کسی شخص کو گھر یا اپنے کاروباری مرکز سے باہر اسلحہ لے کر گھومنے کی اجازت نہیں ہے۔

’مَیں یسوع مسیح ہوں اور صدارت کا امیدوار‘

اس شخص نے سیکرٹ سروس کے اہلکاروں کو یہ بھی بتایا کہ وہ ’یسوع مسیح‘ ہے، سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی اور اداکارہ میرلن منرو اُس کے والدین تھے اور وہ واشنگٹن یہ اعلان کرنے کے لیے آیا ہے کہ وہ بھی صدارت کا امیدوار ہو گا۔

بدھ کو گرفتار ہونے والے سکاٹ ڈی سٹاکرٹ نامی اس شخص کو جمعے کے روز رہا کر دیا گیا تاہم اُس کے پاؤں میں وہ خصوصی ڈیجیٹل رِنگ ڈال دیا گیا ہے، جس کے ذریعے اُس کی نقل و حرکت پر پوری طرح سے نظر رکھی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اُس پر یہ پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس یا مرکزی اہمیت کی حامل دیگر سرکاری عمارات کے قریب نہ جائے۔